ایوان ِصدر اسلام آباد میں یومِ اقلیت کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد

مورخہ 11 اگست 2024 کو ایوان ِصدر اسلام آباد میں یومِ اقلیت کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد اقلیتوں کے مابین اتحاد اوربھائی چارے کو فروغ دینا تھا۔وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام ہونے والی اس تقریب میں صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری کے ہمراہ، اراکین پارلیمنٹ، علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، سفارتی کور کے اراکین، میڈیا اور مختلف اقلیتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پاکستانی مسیحیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ یومِ اقلیت کے موقع پر یہ پْر وقار تقریب پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور مساوات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔حکومت ِ وقت کا یہ اقدام اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے اقلیتوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن میں قومی سطح پر اقلیتوں کے دن کو منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی مختلف برادریوں کے افراد کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔صدرِ پاکستان نے اقلیتوں کے لیے مختلف سرکاری محکموں میں میرٹ کی بنیاد پر ملازمتوں کے مواقع بڑھانے کے علاوہ موجودہ ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافے پر بھی زور دیا۔آخر میں انہوں نے قومی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے مساوی شہری اور قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔یاد رہے اس دن کو بطور قومی دن منانے کی تجویز سابق وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی شہید نے دی تھی۔جنہیں 2011میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔