ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی ایشیا میں سنڈ ی مشن کے جذبے سے سرشار کاہنوں کی تربیت کو فروغ دے رہا ہے۔

 ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی
ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی

فیڈریشن آف ایشین بشپز کانفرنسز (FABC) کی 12ویں جنرل اسمبلی سے قبل ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی(FABC-OC)نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایشیا میں ایسے کاہنوں کی تربیت کی جائے جو روحانی طور پر مضبوط، مشن کے جذبے سے سرشار اور سنڈی کلیسیا میں خدمت گزار رہنماؤں کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔
2004 میں قائم ہونے والا ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی ایشیا کے مختلف سماجی، ثقافتی، مذہبی اور کلیسیائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بشپ صاحبان، تربیت کاروں اور کاہنوں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے قائم کیا گیا تھا، تاکہ ان کی روحانی زندگی اور کلیسیائی خدمت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اس دفتر کا بنیادی مقصدایشیا میں روحانی طور پر تجدید یافتہ، ایمان سے بھرپور اور مشن کے لیے وقف کاہنوں کی تشکیل ہے۔ اس کا ہدف ایسے کاہن تیار کرنا ہے جو اپنے بشپ صاحبان کے ساتھ مل کر خدمت کریں اور ایشیائی معاشروں کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے ایک ایسی کلیسیا کی تعمیر میں حصہ لیں جہاں سب کی شمولیت اور باہمی تعاون کو اہمیت دی جائے۔یہ دفتر سیمینارز، مشاورتی اجلاسوں اور کانفرنسوں کے ذریعے نئے کاہنوں کی تربیت، خدمت انجام دینے والے کاہنوں کی مسلسل رہنمائی،
 سیمنریوں کی بہتری اور بشپ صاحبان کی اس ذمہ داری میں معاونت کرتا ہے کہ وہ کاہنوں کی ایک باپ، بھائی اور دوست کی حیثیت سے رہنمائی کریں۔
ایشیا میں کاہنوں کی تربیت کے لیے مسلسل کوششیں 
اس دفتر نے اپنے قیام کے بعد سے ایشیا میں کاہنوں کو درپیش مختلف چیلنجز کے حوالے سے متعدد پروگرام منعقد کیے ہیں۔پہلا اہم مشاورتی اجلاس 14 تا 19 مئی 2006 کو تھائی لینڈ کے شہر ہُوا ہِن میں واقع سیلزیئن ریٹریٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں 14 ایشیائی ممالک سے 73 بڑی سیمنریزکے ریکٹرز اور تربیت کاروں نے شرکت کی۔ اجلاس کا موضوع تھا:”کاہنوں کی تربیت: ایشیائی تناظر میں چیلنجز“
اگست 2007میں بشپ صاحبان کے لیے کاہنوں کی دیکھ بھال، خصوصاً مشکلات کا شکار کاہنوں کی معاونت کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں بشپ صاحبان کو ایسے نظام قائم کرنے کی ترغیب دی گئی جو ذاتی یا کلیسیائی مشکلات کا سامنا کرنے والے کاہنوں کی مدد کر سکیں۔
جدید دور کے چیلنجز پر غور
2008 میں تھائی لینڈ کی اسّمپشن یونیورسٹی میں دو اہم سیمینار منعقد ہوئے۔
پہلا سیمینار”کاہنوں کی دیکھ بھال: وقت کی اہم ضرورت“ کے عنوان سے 8 تا 14 ستمبر تک منعقد ہوا، جس میں ایشیا میں کاہن کی شناخت، انہیں درپیش مسائل اور بشپ صاحبان کی جانب سے معاونت کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
دوسرا سیمینار ”کیتھولک کہانت: جدید دنیا کا ایک چیلنج“ کے عنوان سے 17 تا 23 نومبر تک منعقد ہوا۔ اس میں کاہنوں کو دعوت دی گئی کہ وہ اپنی شناخت کو نئے انداز سے سمجھیں، اپنی خدمت میں خدا کی حضوری کا گہرا شعور حاصل کریں اور اپنی کہانت کی خوشی کو تازہ کریں۔

ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی
ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی

2011 میں دفتر نے”ایشیا کی کلیسیا پر بچوں کے جنسی استحصال کے بحران کے اثرات“کے موضوع پر بشپ صاحبان اور تربیت کاروں کے لیے ایک سیمینار منعقد کیا۔اس کے بعد 2012 میں ”آج کے دور میں ایشیا کی کلیسیا کو درپیش بحران کے تناظر میں کاہنانہ تجرد کے چیلنجز“ پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
 ہمہ جہت تربیت پر توجہ
2013 میں ”ایشیا کے لیے مثبت، متوازن، مؤثر اور انسانی اقدار سے بھرپور کاہنوں کی تشکیل“ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں کاہنوں کی ہمہ جہت تربیت پر زور دیا گیا۔
2014 میں تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں بشپ صاحبان، کاہنوں اور تربیت کاروں نے ”ایشیا میں نئے جذبے کے ساتھ انجیل کی خوشخبری سنانا“ کے عنوان سے سیمینار میں شرکت کی، جس میں کاہنانہ خدمت کے مشنری پہلو پر غور کیا گیا۔
 سنڈی تربیت کو ترجیح
حالیہ برسوں میں دفتر نے ”سنڈی تربیت“ کو خصوصی اہمیت دی ہے۔
2023 اور 2024 میں ایف اے بی سی آفس فار کلرجی کے اراکین کے آن لائن اجلاس منعقد ہوئے، جن میں کاہنوں کی تربیت کے تناظر میں ”سنڈی تربیت“ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایشیا کے مختلف ممالک میں اختیار کیے جانے والے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔اپریل اور مئی 2025 میں ایف اے بی سی نے ایشیا کے بڑے سیمنریز کے ریکٹرز کے لیے ایک ورکشاپ منعقد کی، جس میں ”FABC پچاس دستاویز اور سنڈی آن سنڈیلٹی“کی روشنی میں سیمنریز کے لیے تربیتی مواد تیار کرنے پر کام کیا گیا۔
دفتر کے مطابق، آج کی کلیسیا میں سنڈی تربیت ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔ اس کا مقصد کاہنوں کو صرف اوپر سے نیچے احکامات دینے والے طرزِ قیادت سے آگے بڑھاتے ہوئے مشترکہ ذمہ داری، باہمی تعاون، ایک دوسرے کو سننے اور ساتھ چلنے کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
دفتر کا کہنا ہے کہ سنڈیلٹی صرف ایک انتظامی ڈھانچہ یا پروگرام نہیں بلکہ کلیسیا کی زندگی گزارنے کا ایک انداز ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ بشپ صاحبان اور کاہن مسیح کی خدمت گزار قیادت کو اپنی زندگی کا نمونہ بنائیں، خصوصاً اس دور میں جب کلیسیا کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔
باہمی تعاون اور مستقبل کی اْمید
ایف اے بی سی آفس فار کلرجی، ایف اے بی سی کے دیگر دفاتر، خصوصاً ”آفس آف کنسیکریٹڈ لائف، آفس آف لیٹی اینڈ فیملی، اور آفس آف ایجوکیشن اینڈ فیتھ فارمیشن“ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، کیونکہ اس کے مطابق سنڈی سفر میں پوری کلیسیا کی مسلسل تربیت ضروری ہے۔
دفتر کو اْمید ہے کہ جکارتہ میں ہونے والی ایف اے بی سی کی 12ویں جنرل اسمبلی ایشیا میں سنڈی کلیسیا کے تصور کو مزید مضبوط کرے گی، خصوصاً کاہنوں کے کردار، شناخت اور تربیت کے حوالے سے نئی رہنمائی فراہم کرے گی۔
اس وقت ایف اے بی سی دفتر برائے کلرجی کے چیئرمین آرچ بشپ اُڈومالا بالا ہیں۔ انہوں نے دفتر کے قیام سے اب تک اس کے مشن کی حمایت کرنے پر ایف اے بی سی سینٹرل آفس، کارڈینل فلیپ نیری فیراؤ، سابق چیئرمین صاحبان، ایگزیکٹو سیکرٹریز، بشپ اراکین اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔