ایشیا میں تقسیم کی فضا کلیسیا کو دیواریں نہیں بلکہ پْل تعمیر کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ کارڈینل ڈیوڈ
فیڈریشن آف ایشین بشپز کانفرنسز (FABC) کے نائب صدر اور فلپائن کے شہرکالووکان کے بشپ کارڈینل پابلو ورجیلیو ڈیوڈ نے کہا ہے کہ ایشیا میں کلیسیا کا مشن اپنے گرد حفاظتی دیواریں کھڑی کرنا نہیں بلکہ تقسیم کا شکار معاشروں میں مکالمہ کے پْل تعمیر کرنا ہے۔انہوں نے یہ بات 20 جولائی کو FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔
ایشیا کے مختلف ممالک میں اقلیت کے طور پر زندگی گزارنے والی مسیحی برادریوں کو درپیش چیلنجز کے بارے میں سوال کے جواب میں کارڈینل ڈیوڈ نے کہا کہ اقلیت ہونا کلیسیا کے لیے کمزوری نہیں بلکہ انجیل کی گواہی مکالمہ، مفاہمت اور برادرانہ محبت کے ذریعے پیش کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمنی یا مخالفت کا جواب دفاعی دیواریں کھڑی کرنا نہیں بلکہ مکالمہ کے پْل تعمیر کرنا ہے۔کارڈینل ڈیوڈ نے مزید کہا کہ جب ہم پْل تعمیر کرنے کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ کہیں نہ کہیں فاصلہ، تقسیم اور خلیج موجود ہے۔ ایشیا کے بہت سے علاقوں میں مسیحی برادریاں ایک چھوٹے سے ریوڑ کی مانند زندگی گزار رہی ہیں، جہاں معاشرے مذہبی، سماجی اور سیاسی تقسیم اور کشیدگی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی کا مرکزی موضوع ”سنڈی تبدیلی کی دعوت اور ایشیا میں پْل اور پْل تعمیر کرنے والے بننے کا مشن“ایشیا کی حقیقی صورتِ حال کی عکاسی کرتا ہے، نہ کہ کسی تصوراتی دنیا کی۔
کارڈینل ڈیوڈ نے کہا کہ اگرچہ ایشیا مختلف ثقافتوں، مذاہب اور نسلی برادریوں کا گہوارہ ہے، لیکن اسی کے ساتھ یہ براعظم تنازعات، غربت، ہجرت، سماجی ناانصافی اور بڑھتی ہوئی تقسیم جیسے سنگین مسائل سے بھی دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں کلیسیا کو لوگوں کے درمیان فاصلہ بڑھانے کی بجائے ملاقات، تعلق اور باہمی قربت کو فروغ دینے کے لیے بْلایا گیا ہے۔کارڈینل ڈیوڈ کے مطابق مکالمہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگ اپنے اختلافات ختم کر دیں، بلکہ حقیقی مکالمہ اْس وقت شروع ہوتا ہے جب ہر شخص کی عظمت کو تسلیم کیا جائے اور مختلف عقائد، ثقافتوں اور روایات کے باوجود مشترکہ بھلائی کے لیے مل کر کام کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں مسیحی برادریاں اقلیت میں ہوں، وہاں بھی اْن کا ایک منفرد کردار ہے کہ وہ مفاہمت کو فروغ دیں اور مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنائیں۔
FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی 26 جولائی2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران شرکاء دْعا، یوخرستی عبادت،روح القدس کی رہنمائی میں مکالمہ، علاقائی اجلاسوں اوردھیان و گیان کے عمل میں شریک ہوں گے۔ اس دوران وہ ایشیا بھر میں سنڈیلٹی کو عملی جامہ پہنانے اور کلیسیا کے رابطہ، شراکت اور مکالمہ کے مشن کو مزید موثر بنانے کے لیے عملی رہنما اصول مرتب کریں گے۔
کارڈینل ڈیوڈ نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس بات پر زور دیا کہ ایشیا میں کلیسیا کی ساکھ کا انحصار اس کی تعداد یا اثر و رسوخ پر نہیں بلکہ اس بات پر ہوگا کہ وہ امن، باہمی احترام، افہام و تفہیم اور اْمید کی تلاش میں سرگرداں معاشروں میں پْل تعمیر کرنے والی کلیسیا بننے کے لیے کس حد تک تیار ہے۔