یہی زندگی ہے!
آج کل ہر کوئی اپنی زندگی میں پریشان نظر آتاہے۔کبھی کسی کے رویے سے تو کبھی کسی کی چلاکی سے۔بعض اوقات ایک انسان کسی ایک سے دھوکا کھانے کے بعد دوبارہ کسی دوسرے پر اعتبار نہیں کرتا۔لیکن ایسا ضروری نہیں کہ ہر کوئی ایک جیسا ہو۔یہ دنیاجہاں بْرے لوگ ہیں وہیں یہ دنیا اچھے لوگوں سے بھی بھری ہوئی ہے۔اور اگر کوئی آپ کے ساتھ بْرا کر جائے تو آپ پریشان مت ہوں۔
لوگوں کو پرکھنے کا پیمانہ یاد رکھیں۔جب بھی کوئی زندگی میں آئے اْسے ایک خاص کرسی دیں یعنی ایک اچھی جگہ پہ بٹھائیں، اہمیت دیں، عزت کریں،احترام کریں۔پھر اطمینان سے مشاہدہ کریں کہ کیا وہ شخص اپنا توازن کھونے لگا ہے؟ اگر ایسا کرے تو اْس سے اْس کی جگہ نہ چھینیں۔ اسے وہیں پہ بیٹھا رہنے دیں مگر خود خاموشی سے وہاں سے ہجرت کر جائیں۔فضول لوگوں کے بارے میں سوچ کر کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔اْلٹا آپ کی اپنی دماغی اور جسمانی دونوں صحت پر اثر ہو گا۔اس لئے جتنا جلدی ہو ایسے لوگوں سے دْور ہو جائیں اور ایسوں کی فکر کرنا بھی چھوڑیں۔
یاد رکھیں! اگر کسی کو آپ کی دی ہوئی عزت، محبت اور آپ کا دیا ہوا مقام راس نہیں آرہا تو آپ اپنا وقار و ظرف مت کھوئیں۔بس خاموشی سے منظر نامے سے ہٹ جائیں، کہانی سے خود کو الگ کر لیجئے، یہی زندگی ہے۔