پاک روزی خاندانی اتحاد کی ضامن
لفظ روزری ایک انگریزی اصطلاح ہے جس کا اصل معنی دْعاہے۔اقدس روزری کیتھولک کلیسیاء کی سب سے دلکش دْعا ہے۔ اور اس کی تاریخ کے بارے میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔ روزری کی اصل تاریخ واضح نہیں ہے۔ مسحیت میں گرہ والی مالا یا تسبیح کے استعمال کوتیسری اور چوتھی صدی کے اوائل میں صحرا ئی راہبوں سے منسوب کیا جاتا ہے۔ 431 میں افسس کی پہلی کونسل کے بعد کی مدت میں قرون وسطی کے دوران مقدسہ مریم کی دْعا کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ روزری کی دْعاکرتے وقت ہم یسوع کی زندگی سے متعلقہ بھیدوں (مسیح کے تجسم ہونے، اس کے دکھوں، موت اور مردوں میں سے جی اٹھنے) پر دھیان و گیان کرتے ہیں اوران بھیدوں کواپنی توجہ کا مرکز بناتے ہیں۔ اقدس روزری پڑھتے وقت اے ہمارے باپ کی دْعا سے آغاز کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد دس بار سلام اے مریم کی دْعااورجلال باپ اور بیٹے سے اس کااختتام ہوتا ہے۔ اس تسلسل کو دس بار سلام اے مریم کی دعا پڑھنے کی وجہ سے ایک دہائی (Decade) کہا جاتا ہے۔ روزری، ہمیں الٰہی بھیدوں کی گہری کو سمجھنے میں ہماری مدد کرتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہمیں خُدا کے ز یادہ قریب کرتی ہے۔ روزری کے دوران ہم مقدسہ ماں مریم کی شفاعت بھی طلب کرتے ہیں، جو تمام مومنین کو اپنے بیٹے کی طرف لے جاتی ہے۔ساتویں صدی تک مقدسہ مریم کی عقیدت میں کی جانے والی دعائیں عام ہوتی گئیں۔ مریم کی ابتدائی طور پر سب سے مشہور ہونے والی دعا”سب ٹوم پریسڈیم ”(Sub Tuum Praesidium)ہے، جس کا آغاز ان الفاظ سے ہوتا ہے: "آپ کی شفقت کے نیچے، ہم پناہ لیتے ہیں "۔کچھ کیتھولک روایات کے مطابق، مقدسہ مریم خود مقدس دو مینک پر ظاہر ہوئیں اور انہیں اقدس روزری پڑھنے کو دی۔ اور پھر اس کی تائید مبارک آلن ڈی لا روچے نے بھی کی۔
1569 میں، ڈومینیکن پوپ پائس پنجم نے پاپائی بُل’کنزیورنٹ رومی پونٹفیس (Consueverunt Romani Pontifices)سے اقدس روزری کو کیتھولک کلیسیاء میں متعارف کیا اور مومنین میں اس کی عقیدت کو قائم کیا۔ اس کے بعد سینٹ پیٹر کینیسئس نے سلام اے مریم کی دعا میں ''اے مقدسہ مریم، خدا کی ماں، ہم گنہگاروں کے واسطے دعا کر"،کے جملے کا اضافہ کیا۔ 16 ویں صدی سے 20 ویں صدی تک،روزری کی ساخت میں بنیادی طور پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔اس وقت صرف15بھید ہوتے تھے جو 15 دہائیوں میں سے ہر ایک کے لئے دھیان وگیان کے طور پر لئے جاتے تھے۔ 20 ویں صدی میں ہر دہائی کے آخر میں "فاطمہ کی دعا"کا اضافہ مشہور ہوا۔ اور 2002ء میں مقدس جان پال دوئم نے پانچ نئے‘نور کے بھید‘ متعارف کروائے اور ان کا آغازکیا۔
431میں افسس کی پہلی کونسل میں مریم کو''تھیوٹوکوس ''کا لقب دیا گیاجس کا ترجمہ ''خدا کی ماں "ہے۔ اس کے بعد مقدسہ مریم کی عقیدت میں اضافہ ہوا اور ساتھ ہی ساتھ مقدسہ مریم سے متعلقہ دعاوئں میں اضافے شروع ہو گئے۔
سلام اے مریم کی دْعا آہستہ آہستہ تشکیل میں آئی اور اس میں ایک ہزار سال سے زیادہ کا عرصہ لگا۔ابتدائی دْعا میں صرف مریم کا نام شامل تھا جس میں جبرائیل فرشتہ مریم کوسلام پیش کرتا ہے " سلام اے مریم، خداوند تیرے ساتھ ہے "(لوقا 1: 28)۔
1050 ء میں مریم اور الیصبات کی ملاقات کے یہ الفاظ شامل کیے گئے کہ: تُو عورتوں میں مبارک ہے، اور مبارک ہے تیر ے رحم کا پھل (لوقا 42:1)۔
1261 ء میں، پوپ اربن چہارم نے الیصبات کے الفاظ کے آخر میں ’یسوع‘ کا نام شامل کیا۔مقدس پیٹر کینیسئس نے اپنی 1555 کی کیٹی کیزم کی کتاب میں ’سلام اے مریم‘ کی دعاکوتقریباً حتمی درخواست کے ساتھ شائع کیا: ''اے مقدسہ مریم، خدا کی ماں، ہم گنہگاروں کے واسطے دعا کر"۔گیارہ سال بعد، کونسل آف ٹرینٹ کی کیٹی کیزم، میں پہلی بار"سلام اے مریم "کی دْعا اپنی پوری حتمی دْعا (شکل)، ''اب اور ہماری موت کے وقت۔ آمین!کے الفاظ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ لہٰذا جو دْعا ہم آج پڑھتے ہیں وہ 1568 میں باضابطہ طور پر منظور کی گئی۔
سلام اے مریم کی دْعاکی مکمل ترقی کے بعد، بالآخر 1597 ء میں اس کو”روزری”کانام دیا گیا۔ 320 سال تک(1597 سے لے کر 1917) سلام اے مریم اور روزری دونوں کی شکل ایک جیسی رہی۔ ان 320 سالوں کے دوران روزری کے بارے میں بہت کچھ لکھا اور بولا گیا۔ خاص طور پر، پوپ پال ششم نے کہا جب ہم روزری پڑھتے ہیں تو ہم انجیل کے اہم مامقات کا تجربہ کرتے ہیں۔ یہ ایک سادہ، خوبصورت، اور مرتکز مراقبہ ہے۔
13 مئی 1917 کو مریم پرتگال کے فاطمہ میں تین چرواہے بچوں پر نمودار ہوئی۔ اس نے انہیں اگلے چھ مہینوں کے لئے ہر مہینے کے 13 ویں دن واپس اسی جگہ پر آنے کو کہا۔ مریم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہر بار ان کے سامنے حاضر ہوں گی اور انہیں پیغام دیں گی۔ مریم نے بچوں کو کہا کہ وہ ہر روز روزری کی عبادت کرکے عالمی امن کے لئے دعا کریں۔ 13 جولائی، 1917ء کو، مریم نے بچوں سے روزری کی ہر دہائی کے اختتام پر ایک مختصر دعا شامل کرنے کو کہا:
اے مہربان یسوع! ہمارے گناہ ہمیں معاف کر، ہمیں دوزخ کی آگ سے بچا۔ تمام روحوں کوآسمان کی طرف کھینچ، خاص کرکے اْن کو جوتیری رحمت کے زیادہ محتاج ہیں۔آمین!
آج اس کو فاطمہ کی دْعا کہا جاتا ہے۔روزری کسی بھی عمر کے مردوں اور عورتوں اور ہر عمر کے لئے ناقابل یقین حد تک فائدہ مند روحانی عمل ہے۔ یہ ایک قدیم خزانے کے نقشے کی طرح ہے جس نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے لاتعداد مردوں اور خواتین کو امن، خوشی، صراحت اور قناعت کے خزانوں تک پہنچایا ہے۔روزری مسیحی عقیدے کے کلیدی پہلووئں پر مرکوز ہے، جیسا کہ بیس بھیدوں پر دھیان و گیان سے ظاہر ہے۔ ان مراقبے کو حقیقت اور الہام کی دولت کی وجہ سے اسے الٰہیات میں ایک مختصر نصاب کہا گیا ہے۔ ان بھیدوں پر غور کرنے کے ذریعہ ہمیں دعاؤں، تزئین، شکرانوں اور درخواستوں کی طرف راغب کیا جاتا ہے۔
روزری کا آغاز کہاں اور کب ہوا صحیح سے معلوم نہیں ہے۔ لیکن روزری تاریخِ نجات کا نچوڑ یعنی بائبل مقدس کا خلاصہ ہے۔ اقدس روزری ایک ایسا ہتھیار ہے جو بدی کی دیکھی اور اندیکھی قو توں کے خلاف جوابی کاروائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ سادہ اور پُر اثر دْعا ہے۔ یہ دْعا کسی موقع پر بھی پڑھی جا سکتی ہے مثلاً دورانِ سفر، اٹھتے بیٹھتے، خوشی،غمی، بیماری، دکھ، خطرہ، خوف، جنگ وغیرہ میں پڑھی جا سکتی ہے۔خاندانوں کو جوڑنے میں اور اتحاد قائم کرنے میں نہایت موثر عبادت ہے۔اور مقد سہ مریم کی سفارشات کی بدولت ہی تو ہم خدا سے برکات اور خوشیاں حاصل کرتے ہیں۔ پاک ماں کیتھولک کلیسیاء نے بھی اسی لئے سال میں دو مہینے مئی اور اکتوبراقدس روزری سے منسوب کئے ہیں تاکہ ہم روزری کی مدد سے مقدسہ مریم کی شفاعت پا سکیں۔
مقدس پادرے پیؤ اس بات کے قائل تھے کہ مقدس مریم نادر نمونہ اورمثال ہے جنکی پیروی ہر شخص کو کرنی چاہیے انہیں خود مقدس ماں سے اتنا پیار تھا کہ وہ ایک دن میں تیس سے چالیس بار رو وزری پڑھتے تھے۔ دو ہزار سال پہلے جبرائیل فرشتے نے عرش سے فرش پر گرِ کر مقدسہ مریم کو سلام کیا بالکل اِسی طرح آج بھی لاکھوں کروڑوں مومن فرش سے عرش پر مقدسہ مریم کو عقیدت بھرا سلام بھیجتے ہیں اور اْس کے بدن کے پھل کو مبارک کہتے ہوئے اپنے خداوند کے شکر گزار ہوتے ہیں۔ آئیے ہم بھی اس مہینے میں روزری کی عبادت کریں،پاک روزی کی دعْا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور روحانی عقیدتوں کا حصہ بنائیں تاکہ اس مبارک مہینے میں برکات و فضائل حاصل کر سکیں۔