پاک روزری اور کاتھولک مسیحی
ہم سبھی جانتے ہیں کہ پاک ماں کیتھولک کلیسیاء نے مئی اور اکتوبر کے مہینے مقدسہ ماں مریم کی اقدس روزری کے نام منسوب کیے ہیں۔اور جب بھی روزری کے مہینے آتے ہیں تب کچھ غیر کاتھولک مسیحی مقدسہ مریم کی اقدس روزری پڑھنے پر مختلف اعتراضات کرتے ہیں کہ کاتھولک کلیسیاء روزری کیوں پڑھتے ہیں؟ کیا بائیبل مقدس میں روزری کا ذکر ملتا ہے؟ کیا روزری پڑھنے سے ہم خدا کے نزدیک جاسکتے ہیں؟ کیا روزری پڑھنے سے ہم روحانی قوت حاصل کرسکتے ہیں؟ کلیسیا میں اقدس روزری کا آغاز کیسے ہوا؟ کیا روزری کے 20بھید پاک کلام میں سے لئے گئے ہیں؟اور ناجانے ایسے کتنے سوال سننے کو ملتے ہیں۔ ان تمام سوالات کے جوابات مسیحی ایمان اور عقیدہ سے جاننا ضروری ہے تاکہ ہم اپنے ایمان میں مضبوط رہتے ہوئے اپنی زندگی میں خدا کی محبت اور فضل کا تجربہ کرتے رہیں۔
کہا جاتا ہے کہ ایک دفعہ مقدسہ مریم مقدس دومینک کو رویا میں ملیں اور انہوں نے آپ کو گلاب کے پھولوں کی ایک مالا دکھائی اور کہا اِس روزری کو روزانہ پڑھو اور اسے دوسروں کو بھی سیکھاؤ۔اَس طرح سچا ایمان فروغ پائے گا۔ اسی وجہ سے بے شک پاک روزری آپ سے کہیں پہلے آغا ز رکھتی ہے مگر چونکہ آپ نے ہی اِس کو عام کیا یہ آپ ہی کے نام سے منسوب کی جاتی ہے۔ ابتدا میں پھولوں کی ما لا پر، بعد میں موتیوں کی مالا پر مخصوص دْعائیں اور وردکرنا ایک خاص روایت بن گئی۔ پاپائے اعظم پائس پنجم نے 7اکتوبر1571 میں خاتون ِ روزری کی عید مقرر کی۔
پاپائے اعظم گریگوری تیرھویں نے اس عید کو اقدس روزری کا نام دیا۔ پاک روزری کی عبادت روحانی دھیان وگیان کی عبادت ہے نیز یہ پاک کلام کا مختصر جائزہ لینے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ مومنین روزری پڑھنے سے روحانی طاقت حاصل کرتے ہیں۔ اقدس روزری میں یسوع مسیح کی زندگی کے 20مختلف واقعات بیان کئے گئے ہیں جو ہمارے ایمان کی بنیاد ہیں۔ روزری کی عبادت ہمیں خدا کی قربت،اس کے منصوبہِ نجات نیز یسوع مسیح کی زندگی کا روحانی اور ایمانی سفر کرواتی ہیں۔ روزری کی عبادت میں شامل ہو کر ہر مومن خدا سے اپنا رشتہ اور تعلق مضبوط کر تا ہے نیز مقدسہ مریم سے اپنی عقیدت اور محبت ظاہرکرتاہے۔
روزری کی عبادت شیطان کے خلاف مضبوط ہتھیار ہے۔روزری پڑھنے سے خاندان میں امن،صلح،سلامتی اور اتحاد پیدا ہوتا ہے جو خاندان ہر روزشام کے وقت روزری کی عبادت کرتے ہیں وہ خوشحال اور دعائیہ زندگی میں مضبوط رہتے ہیں۔
کاتھولک ایمان کے مطابق مقدسہ مریم کی عیدیں، زیارتیں، تہوار مناناکلیسیاکی اولین ترجیح ہے کیونکہ یسوع مسیح کے ساتھ مقدسہ مریم کی عقیدت اورپیار یکساں ہی ہے۔ماں اور بیٹے کا رشتہ گہرا ہوتا ہے کوئی بھی اس رشتے کو ختم نہیں کر سکتا اس لئے کاتھولک مقدسہ مریم کے ساتھ اپنا پیار اور عقیدت دکھاتے ہیں۔خدا ہم سب کو فضل عطا کرے کہ ہم ماں مریم کی روزری پڑھتے جائیں اور اس بابرکت مہینے میں مقدسہ مریم کی سفارشوں کی بدولت خدا سے برکات حاصل کرتے رہیں۔ آمین