وقت ایک قیمتی سْرمایا۔۔ قدر کیجیئے
”وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا“،’’گزرا ہوا وقت کبھی لوٹ کر نہیں آتا“۔ وقت کی اہمیت پر اس جیسی کئی کہاوتیں بہت سی زبانوں میں ہم سب نے سُن رکھی ہیں۔ ان کہاوتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ زندگی میں کامیابی کے لیے وقت کا موثر استعمال انتہائی ضروری ہے۔ وقت کا موثر استعمال کرتے ہوئے بروقت کام انجام دینا ایک بہترین ہنر ہے، جس سے ہر شخص واقفیت نہیں رکھتا۔
عملی زندگی میں کامیابی کا مکمل اصول یہی ہے کہ وقت کی پابندی کی جائے۔اس سلسے میں کچھ ماہرین کی تجاویز مندرجہ ذیل ہیں:
ایک منٹ میں ہوجانے والا کام فوراً کر ڈالیں
ایک منٹ کے اْصول، پر عمل کریں اور ہر وہ کام فوری کر ڈالیں جسے ایک منٹ میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔ کسی ضروری دستاویز کو فائل کرنا، فون پر بہت پہلے سے آئے ہوئے شارٹ میسیج یا ای میل کا جواب دینا، جلدی میں صوفے، بیڈ یا کرسی پرپھینک دیے جانے والے کوٹ الماری میں لٹکانا اور اس جیسے دیگر کئی چھوٹے چھوٹے کام۔ یہ تمام کام اس تیزی سے پلک جھپکتے میں ہی کیے جاسکتے ہیں۔اگر آپ واقعی چاہیں تو اس اْصول پر عمل کرنا انتہائی آسان بن جاتا ہے اور اس پر عمل درآمد کرکے بڑے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
کام کے وقت فون دور رکھیں
اگر فون سے دوری آپ کے کسی کام کی انجام دہی میں رکاوٹ نہیں ڈالتی تو دوپہر کے کھانے تک فون کو خود سے دور رکھیں یا پھر دوسرے کمرے میں رکھ دیں۔ اس سے بہت فرق پڑتا ہے۔وہ کام جو صرف دس منٹ میں ہوسکتا ہے اس فون کی بدولت ایک گھنٹہ لگ سکتا ہے۔اس لئے اپنے کام کے دوران اپنا فون خود سے دْور رکھیں۔
سوچنے کیلئے وقت نکالیں
بہت ضروری،حساس اور اہم مسائل پر گہری سوچ بچار کرنے کے لیے اپنے کیلنڈر میں اس طرح وقت مختص کریں جیسے کوئی میٹنگ یا اپائنٹمنٹ ہو اور اگر کوئی اس وقت آپ کی توجہ حاصل کرنا چاہے تو اپنی مصروفیت بتاکر معذرت کرلینا بہتر ہے۔ اس سادہ تکنیک سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ آپ کااپنا کام جلدی اور آسانی سے مکمل ہو جاتا ہے۔
اپنی ترجیحات کا تعین کریں
ہر جمعہ کے دن، اپنے آنے والے ہفتے کا سوچیں۔آپ اپنی ترجیحات کو تین حصوں میں تقسیم کریں: پیشہ ورانہ زندگی، سماجی تعلقات اور ذاتی زندگی۔ تین حصوں کی فہرست آپ کو یاد دِلائے گی کہ مجھے آنے والے ہفتے کے دوران ان تینوں کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا ہے۔ یہ آپ کی متوازن زندگی گزارنے کا ایک یقینی اْصول ہے۔
اپنی توانائی اور حدود کا تعین کریں اور آسائش کے دائرے سے باہر آئیں۔ آسائش کا دائرہ آپ کے اندر موجود آپ کا سب سے بڑا دشمن ہے، جسے کسی باہر کے دشمن کی ضرورت نہیں۔ اور جب ہم ان سب اْصولوں پر عمل کریں گے تو یقینًا زندگی پْرسکون اور آسان ہوجائے گی۔وقت ایک قیمتی سْرمایا ہے اس کی قدر کیجیئے کیونکہ وقت جب گزر جائے تو واپس نہیں آتا اور پھر زندگی میں صرف پچھتاؤ ہی رہ جاتا ہے۔