صلیب مومن کا فخر
پاک جمعہ کو دْنیا بھر کے مسیحی خداوند یسوع مسیح کی صلیبی قربانی اور اْسکی وفاداری کو یاد کرتے ہیں۔یہ دن مسیح کی صلیب کے ذریعے گناہ اور بدی کی طاقتوں اور قوتوں پر فتح پانے کا دن ہے۔چاروں اناجیل میں یسوع کے آخری کھانے کے واقعات اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یسو ع نے روٹی اور مے کو اپنے پاک بدن اور خون میں تبدیل کر کے پاک یوخرست کے ساکرامنٹ کومقرر کیا۔جس کا کلائمیکس اور عروج اْس کی صلیبی قربانی میں ہوا۔پاک جمعہ مسیحی مومنین کے لیے گڈ فرائیڈے کہلاتا ہے یہ گڈ فرائیڈے اس لیے ہے کہ اس دن خدا کے بیٹے ہمارے نجات دہندہ نے صلیب پر اپنی جان دے کر کْل کائنات کو باپ کے جلال اور اپنی زندگی میں داخل کر دیا۔مسیح کی صلیب مومنین کا فخر ہے۔مقدس پولوس رسول فرماتے ہیں کیونکہ صلیب کا پیغام تو ہلاک ہونے والوں کے نزدیک حماقت ہے مگر ہم نجات پانے والوں کے نزدیک خدا کی قدرت ہے۔خداوند یسوع مسیح باپ کے منصوبہ نجات کے مطابق اپنی جان قربان کرتے ہوئے وفاداری کا ثبوت دیتا ہے کیونکہ نوشتوں کا پورا ہونا بھی ضرور تھا۔انجیلوں کے مطابق اذیت کی تین پیشنگوئیوں میں یسوع مسیح فرماتے ہیں کہ ضرور ہے ابن انسان بہت دْکھ سہے اور سردار کاہنوں فقہیوں سے رد کیا جائے یعنی مسیح کو اذیت، موت اور قیامت کا تجربہ کرنا لازمی ہے۔ مقدس پولوس رسول فرماتے ہیں مگر خدانہ کرے کہ میں کسی اور چیز پر فخر کروں سوائے ہمارے خداوند یسوع مسیح کی صلیب کے جس سے دنیا میری نسبت مصلوب ہوئی اور میں دنیا کی نسبت۔ مسیح کی صلیب پر فخر کرنے سے مراد اپنی خاندانی، راہبانہ اور کاہنانہ زندگی میں آنے والی مشکلات اور چیلنجز میں وفادار اور ثابت قدم رہنا ہے۔ دوسروں کی فلاح و بہبود اور انسانی زندگی کو عزت و وقار بخشنے کے لیے خوشی کے ساتھ قربانی دینا ہے۔ دْعا ہے پاک ہفتے کی عبادات روحانیت اور مزاج ہمیں وفاداری اور ثابت قدمی بخشیں تاکہ ہم اپنی صلیب اْٹھائے یسو ع کے ساتھ سوئے کلوری چلتے رہیں تاکہ اس کے ساتھ ابدی زندگی کے لیے جی اٹھیں۔ پاک ماں کیتھولک کلیسیاہمیں یہ بھی بتاتی ہے پاک جمعہ کے دن صلیب کو دیکھ کر مایوس، نا اْمید،غمزدہ یا دْکھی نہ ہوں بلکہ خدا کی قدرت اور اْس کی محبت دیکھیں جو بازو پھیلائے سب انسان و بالخصوص گنہگاروں کو اپنی طرف بلا رہا ہے۔ اس لیے یسوع کی پاک صلیب کے نیچے کھڑے ہونے سے نہ تو گھبرائیں نہ ہی شرمندہ ہوں بلکہ اس پر فخر کریں۔ صلیب کی تعظیم کریں اْس کے سامنے دْعا کریں اور فخرکے ساتھ اْسے چومیں۔ساتھ ہی ساتھ پاک جمعہ کے دن بلند آواز ہو کر اس بات کا اقرار اور اظہار کریں:
کہ اے مسیح ہم تجھے سجدہ کرتے ہیں کیونکہ تو نے اپنی پاک صلیب سے دنیا کو مخلصی بخشی۔
خداوند ہم سبھی کو ایسا کرنے کا فضل بخشے۔آمین
Daily Program
