آئیے خوشخبری کے پیامبر بنیں!

کرسمس دْنیاکی تاریخ کا ایک منفرداور سال کا سب سے بڑا دن ہے۔یسوع مسیح کا 25دسمبر کو پیدا ہونا ہی اس دن کو سال کا سب سے بڑا اور عظیم دن بناتا ہے۔بڑا دن اْمید،محبت،خوشی،امن،صلح و سلامتی کا تہوار ہے۔کرسمس خوف اور ڈر کو دْور کرتا اور بڑی خوشخبری کی بشارت لاتا ہے۔ مقدس لوقا کے مطابق انجیل میں مرقوم ہے”تب فرشتے نے اْن سے کہا۔ڈرو مت۔ کیونکہ دیکھو۔ میں تمہیں بڑی خوشی کی بشارت دیتا ہوں۔ جو ساری اْمت کے لیے ہوگی۔ کہ آج داؤد کے شہر میں تمہارے لیے ایک منجی پیدا ہوا۔وہ مسیح خداوند ہے“۔(لوقا11-10:2)فرشتہ چرواہوں کے پاس بھی یہی خوشخبری لے کر جاتا ہے۔  خداوند یسوع مسیح نے تاریخ کو دو حصوں (قبل از مسیح اور بعد از مسیح) میں تقسیم کر دیا۔بائبل مقدس میں مسیح کے آنے کے بارے میں مختلف پیشن گوئیاں موجود ہیں۔ اشعیا نبی جو اْمید کا نبی ہے 700 سال پہلے اپنے صحیفہ میں مسیحاکے بارے میں لکھتا ہے۔”دیکھو۔ کنواری حاملہ ہوگی اوراْس سے بیٹا ہوگا اور وہ اْس کا نام عمانوئیل رکھے گی“۔(اشعیا14-7)
 میکا نبی کی کتاب میں بیان ہے ”اور تْو اے بیت الحم اِفراتہ تْو جو یہوداہ کے گھرانوں میں کمترین ہے۔ تجھ ہی سے میرے لیے وہ نکلے گا جو اسرائیل کی گلا بانی کرے گا“۔(میکا1:5) یہ تمام پیشن گوئیاں مسیح یسوع کی آمد کے بارے میں ہیں جو اْس کی پیدائش کے بھیدمیں پوری ہوتی ہیں۔یسوع نجات دہندہ بن کر سب کیلئے خوشیوں کا گہورا بنا۔امن اور سلامتی کا پیغام لایا۔
ہمارے خداوند یسو ع مسیح کے پیدا ہونے کی خوشی تمام خوشیوں سے بالاتر اور دائماً قائم رہنے والی ہے۔یہ نجات کی وہ خوشی ہے جس کا وعدہ خدا نے کیا تھا اورجس کے بارے میں انبیاء کی پیشنگوئیاں پوری ہوئی ہیں۔ جب ہم اْس کا دیدار کرنے کے لیے چرنی کے پاس جاتے ہیں تو وہ ہمیں ابدی خوشیاں دیتا ہے۔ کرسمس خوشی بانٹنے اور خوشیاں منانے کا تہوار ہے۔ کرسمس کا صحیح مفہوم دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے میں پنہا ں ہے۔ہم انجیل مقدس میں پڑھتے ہیں کہ فرشتے نے سب سے پہلے یسوع کی پیدائش کی خوشخبری چرواہوں کو دی۔ چرواہوں کو معاشرے میں اچھا نہیں بلکہ گنہگار تصور کیا جاتا تھا۔ لیکن خدا اْن کے لیے اپنا پیار اور رحم دکھاتا ہے اور وہ چرنی میں بچہ یسوع کا دیدار کر کے یہ خوشخبری دوسروں تک پہنچاتے ہیں۔ یہ خوشخبری صرف چرواہوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کے لیے تھی۔یہ کوئی چھوٹی معمولی یا عام خوشخبری نہیں بلکہ یہ ہمارے نجات دہندہ کی پیدائش کی خوشخبری ہے۔یہ وہ خوشی ہے جس پر آسمان کے ستارے بھی مجوسیوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ یہ وہ خوشی ہے جس پر مجوسی ستارے سے رہنمائی پا کر بچہ یسوع کے لیے سونا، مْر اور لبان لے کر آتے ہیں۔ یہ وہ خوشی ہے جس میں آسمان پر فرشتوں کے لشکر بھی بچہ یسوع کے مجسم ہونے کی خوشی مناتے ہیں۔
 آئیں کرسمس کے موقع پر بڑی خوشی کی بشارت دوسروں تک پہنچائیں۔ ایک مشہور ضرب المثل ہے کہ خوشیاں بانٹنے سے دْگنی ہو جاتی ہیں۔ کرسمس کے موقع پر ہم اس احساس کو اپنے دلوں میں پروان چڑھائیں اور اپنے آس پاس نظر دوڑائیں غریبوں،یتیموں، بے سہاروں،لاچاروں،بیماروں اور ضرورت مندوں کو بھی کرسمس کی خوشیوں میں شامل کریں۔نفرت مٹا کر محبتیں بانٹیں۔ نفرت کی بجائے امن کے سفیر بنیں۔ ایک دوسرے کو قبول کریں۔ سادگی،حلیمی اور پاکیزگی کو اپنائیں اور حقیقی خوشی کو دوسروں میں بانٹیں تاکہ عملی طور پر امن کے پیامبربنیں۔
آپ سبھی کو کرسمس کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں!

Daily Program

Livesteam thumbnail