یسوع مسیح ہماری نجات اور روشنی ہے۔پوپ فرانسس
مورخہ 2فروری 2025کویسوع مسیح کے ہیکل میں نذر کئے جانے کی عید کے موقع پر پوپ فرانسس نے مومنین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یسوع مسیح تمام لوگوں کی نجات اور ہماری روشنی ہے۔وہ ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم حقیقی معنوں میں خُدا سے ملاقات کریں۔
انہوں نے شمعون کی پیشین گوئی والے الفاظ کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ اْس کا بچہ یسوع کو خدا کے وعدے کی تکمیل کے طور پر تسلیم کرنااس بات کی غمازی کرتا ہے کہ خدا اپنے لوگوں کے درمیان موجود ہے اس لیے نہیں کہ وہ چار دیواری کے اندر رہتا ہے، بلکہ اس لیے کہ وہ انسانوں کے درمیان ایک انسان کی طرح رہتا ہے۔
پوپ فرانسس نے کہا شمعون بچہ یسوع کی شناخت کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یسوع نجات ہے۔ شمعون اعلان کرتا ہے کہ اس بچے میں، ایک ایسی سچائی ہے جو اس بات پر زور دیتی ہے کہ خدا کی نجات بخش محبت ایک انسان میں پوری طرح سے مجسم ہے۔اور پھر یسوع کوروشنی کہتا ہے۔ایسی روشنی جو دنیا کومصائب، برائی اور موت کے اندھیروں سے نکالتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یسوع کا معیار محبت ہے: جو محبت کرتا ہے وہ زندہ رہتا ہے، جبکہ جو نفرت کرتا ہے وہ مر جاتا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ فرانسس نے مومنین سے کہا کہ خود سے پوچھیں کہ میں اپنی زندگی میں کس چیز کا انتظار کر رہا ہوں؟ کیا میرا دل خداکے چہرے کو دیکھنے کی خواہش رکھتا ہے؟ کیا میں انسانیت کے لیے اس کے نجات کے منصوبے کے ظہور کا منتظر ہوں؟
اس کے بعد انہوں نے مقدسہ مریم کی سفار ش طلب کی تاکہ مسیح تک جانے والے ہر راستے میں وہ ہماری مدد گار ہو۔