کھیل جسم اور روح دونوں کے لیے شفا ہے۔پاپائے اعظم لیو چہار دہم
مورخہ 25جون 2026کوپوپ لیو چہاردہم نے اطالوی سوئمنگ فیڈریشن کے اراکین اور بین الاقوامی تیراکی چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر کھیل کو درست انداز میں اپنایا جائے تو یہ جسم اور روح دونوں کے لیے دواثابت ہوتا ہے۔
پوپ لیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل انسان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو متوازن انداز میں پروان چڑھاتا ہے اور اسے عزم، یکجہتی، دیانت داری اور ذمہ داری جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقابلہ جاتی کھیلوں میں ایک کھلاڑی اپنی مضبوط خواہش، قوتِ ارادی اور بہترین کارکردگی کی جستجو کے ذریعے اپنے حقیقی جذبے اور کردار کا اظہار کرتا ہے۔انہوں نے خاص طور پر تیراکی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف جسمانی صحت ہی نہیں بلکہ روحانی نشوونما کا بھی ذریعہ ہے۔
پوپ لیو نے کہا کہ تیراکی پانی میں کی جاتی ہے، جو انسان کو ہر طرف سے اپنے حصار میں لیے رکھتا ہے۔ یہ ہمیں علامتی طور پر اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی ماں کے رحم میں بھی پانی ہی کے ماحول میں پروان چڑھے تھے۔ زندگی کا مطلب دوسروں اور اپنے اِردگرد کے ماحول کے ساتھ ہم آہنگی میں جینا سیکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسیحیوں کے لیے پانی ”بپتسمہ“ اور مسیح میں نئی زندگی کی علامت ہے، جو ایمان، پاکیزگی اور نئی شروعات کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ 62ویں Sette Colli Trophyمیں دنیا بھر سے کھلاڑی شریک ہیں، جو مختلف زبانوں، ثقافتوں سے تعلق رکھنے کے باوجود ایک ہی جذبے اور مشترکہ انسانی اقدار سے متحد ہیں۔
پوپ نے کہاکہ بین الاقوامی کھیلوں کی یہی خصوصیت ہمیں اس دنیا کی جھلک دکھاتی ہے جس کی ہم آرزو رکھتے ہیں۔ کھیل مختلف اقوام کے درمیان پُرامن ملاقات، باہمی احترام اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیو چہاردہم نے پیشہ ور تیراکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں کھیل کی اعلیٰ اقدار کو اپنی زندگی اور معاشرے میں فروغ دینے کی تلقین کی اور انہیں سینٹ پیئر جورجیو فراساتی کی شفاعت کے سپرد کیا۔انہوں نے کہا کہ مقابلے کا زمانہ گزر جاتا ہے، مگر کھیل سے حاصل ہونے والی اقدار ہمیشہ باقی رہتی ہیں۔