کلیسیا میں کسی بھی قسم کے استحصال کے لیے کوئی برداشت نہیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 23اکتوبر2025کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے فلپائن میں منعقد نیشنل سیف گارڈنگ کانفرنس کے شرکاء کو اپنے پیغام میں زور دے کر کہا ہے کہ کلیسیا میں کسی بھی قسم کے استحصال کے لیے کوئی برداشت نہیں ہونی چاہیے۔
پوپ نے اپنے پیغام میں کہا:”میں اپنی اپیل دْہراتا ہوں کہ کلیسیا میں کسی بھی قسم کے استحصال کے لیے کوئی برداشت نہیں ہو سکتی“۔
یہ پیغام 20تا 24 اکتوبر 2025 تک فلپائن کے شہر کلارک-انجیلس میں ہونے والی کانفرنس کے موقع پر پوپ لیو کی جانب سے ارسال کیا گیا۔
پوپ لیو چہاردہم نے نیشنل سیف گارڈنگ کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ کلیسیا کو محفوظ، شفاف اور نگہداشت پر مبنی ماحول بنانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کلیسیا ہمارا روحانی گھر ہے۔ اس لیے ہر پیرش اور کاہنانہ سرگرمی ایسی جگہ ہونی چاہیے جہاں ہم خدا کی تمجید کریں اور دوسروں، خاص طور پر بچوں،کمزوروں کی دیکھ بھال کریں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ اگر کلیسیا اصولوں پر عمل کرے تو وہ مسیح، اچھے چرواہے کی حقیقی گواہ بنے گی جو ہمیشہ اپنی بھیڑوں سے محبت کرتا اور اْن کی دیکھ بھال کرتا ہے۔آخر میں، پوپ نے کانفرنس کے تمام شرکاء کو مقدسہ مریم کی محافظت کے سپرد کیا نیزاپنی رسولی برکت دیں۔