پاپائے اعظم لیو چہاردہم کی نئے آرچ بشپ صاحبان کو مقدس پطرس اور پولوس کی عید کے موقع پر ”اچھے چرواہے“بننے کی دعوت
مورخہ 29جون 2026کو پوپ لیو چہاردہم نے مقدس پطرس اور مقدس پولوس کی عید کے موقع پر پاک ماس کے دوران مومنین کو دعوت دی کہ وہ روم کے ان دونوں مقدسین سے تحریک حاصل کریں، جنہوں نے اپنی انسانی کمزوریوں کے باوجود انجیل کے غیر معمولی گواہ بن کر دکھایا۔ انہوں نے نئے میٹروپولیٹن آرچ بشپ صاحبان، جنہیں اس موقع پر پالیئم (Pallium) عطا کیا گیا، کو بھی تلقین کی کہ وہ خداوند کی پیروی کرتے ہوئے مومنین کے لیے اچھے چرواہے بنیں۔
اپنے وعظ میں پوپ لیو نے فرمایاآج ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم مقدس پطرس اور پولوس کی طرف دیکھیں تاکہ ہم بھی رسول، اتحاد کے معماراور محبت کے ساتھ سچائی کی خدمت کرنے والے بن سکیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ مقدس پطرس کو یسوع مسیح نے اپنے ریوڑ کا چرواہا مقرر کیا، جبکہ مقدس پولوس کو غیر قوموں کے لیے رسول چْنا گیا۔اور آج ہم کلیسیا کے ان دونوں ستونو ں کی تعظیم کرتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ مقدس پطرس اتحاد اور رفاقت کے علمبردار تھے، لیکن وہ بے عیب انسان نہیں تھے۔انہوں نے یاد دلایا کہ یسوع کی گرفتاری کے وقت پطرس نے اپنے اْستاد کا انکار کیا، مگر بعد میں خلوصِ دل سے توبہ کی۔ اسی طرح، بعض مواقع پر مقدس پولوس نے بھی پطرس کے بعض رویوں پر انہیں تنبیہ کی۔
اس کے باوجود، پوپ لیو نے کہا کہ مقدس پطرس نے اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا، توبہ کی، حوصلہ نہیں ہارا اور انجیل کی منادی کیلئے اور مسیح کے ریوڑ کی نگہبانی کی خاطر اپنے مشن پر قائم رہے، یہاں تک کہ روم میں شہادت کا جام نوش کیا۔
پوپ لیو کے مطابق، مقدس پطرس نے آخرکار خداوند کی طرف سے سونپی گئی ذمہ داری کو پوری وفاداری سے قبول کیا۔ مقدس پطرس کی زندگی ہر مسیحی کو دعوت دیتی ہے کہ وہ خدا کو اپنی زندگی کا مرکز بنائے، دوسروں کی ضروریات کو سمجھے اوراْس کی محبت میں متحد رہ کر انجیل کے پیغام کو دنیا تک پہنچائے۔
پوپ لیو نے کہا کہ یہی تعلیم مقدس پولوس کی زندگی میں بھی نظر آتی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ خدا نے نوجوان شاؤل کے دل میں حیرت انگیز تبدیلی پیدا کی، اْسے انجیل کی طرف پھیر لیا، اْسے نیا نام عطا کیا اور پوری دنیا میں خوشخبری سنانے کے لیے بھیجا۔
مقدس پطرس کی طرح مقدس پولوس نے بھی روم میں اپنی جان قربان کرکے انجیل کی گواہی دی۔
پوپ لیو نے فرمایا کہ غیر قوموں کے رسول نے خدا کے کلام کی قدرت کو اپنے اندر کام کرنے دیا، جس نے اْسے تشدد کے راستے سے نکال کر محبت کی راہ پر گامزن کر دیا۔انہوں نے مقدس آگسٹین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خدا نے کلیسیا کے ایک ستانے والے کو امن کا پیامبر بنا دیا، اْس کے گناہ معاف کیے اور اْسے دوسروں کے گناہوں کی معافی کا خادم بنایا۔
پوپ لیو نے کہا کہ مقدس پطرس اور پولوس ہمیں اتحاد کو فروغ دینے اور محبت کے ساتھ سچائی کی خدمت کرنے کا سبق دیتے ہیں۔اسی جذبے کے تحت نئے میٹروپولیٹن آرچ بشپ صاحبان کو پالیئم پہنایا گیا۔انہوں نے وضاحت کی کہ سفید اون سے بنی یہ علامتی پٹی، جس پر صلیبیں بنی ہوتی ہیں، ہر چرواہے اور ہر مسیحی کی اس ذمہ داری کی علامت ہے کہ وہ خدا کی بھیڑوں کو اپنے کندھوں پر اْٹھائے، اْن کے لیے اپنا وقت، توانائی، محنت بلکہ اپنی جان تک قربان کرنے کے لیے تیار رہے۔
پوپ لیو نے کہا کہ اس خدمت کا مقصد یہ ہے کہ انجیل ہر انسان تک پہنچے اور پوری دنیا اس میں حقیقی ہم آہنگی اور اتحاد پائے۔
آخر میں پوپ لیو نے کہا کہ آئیے ہم مقدس پطرس اور پولوس سے دْعا کریں کہ وہ نجات دہندہ کے نقشِ قدم پر اتحاد کے اس سفر میں ہماری مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ راستہ ہے جو خداوند نے ہمارے لیے مقرر کیااور یہی وہ منزل ہے جس تک پہنچنے کی اْمید ہمیں اعتماد کے ساتھ رکھنی چاہیے۔