پاپائے اعظم لیو چہاردہم کا استنبول کی تاریخی نیلی مسجد کا دورہ۔۔۔ بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال
مورخہ29نومبر2025کوپاپائے اعظم لیوچہاردہم نے ترکی کے رسولی سفر کے تیسرے روز استنبول کی مشہور و معروف سلطان احمد مسجد، جسے دنیا بھر میں ”نیلی مسجد“کے نام سے جانا جاتا ہے، کا پُراثر دورہ کیا۔ یہ دورہ بین المذاہب مکالمے اور باہمی احترام کے فروغ کی ایک اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
و یٹی کن پریس آفس کے مطابق پوپ لیونے مسجد میں مکمل خاموشی، گہرے غور و فکر اور احترام کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے اس مقدس مقام اور وہاں عبادت کرنے والوں کے ایمان کے لیے اپنی دلی خوشی کا اظہار کیا۔
نیلی مسجد 21 ہزار سے زائد سیرامک نیلی و فیروزی ٹائلز کی وجہ سے اپنی پہچان رکھتی ہے۔ 1617 میں سلطان احمد اوّل کی جانب سے عظیم محلِ قسطنطنیہ کے ایک حصے پر تعمیر کی گئی یہ مسجد،عثمانی دور کی شاندار عبادت گاہوں میں شمار ہوتی ہے۔
اس دورے پر پوپ لیو کا استقبال وزیرِ ثقافت و سیاحت محمت نوری، استنبول کے صوبائی مفتی امر اللہ اور مسجد کے امام قرّاء حافظ نے کیا۔ مسجد کے مؤذن موسیٰ نے پوپ لیو کو تاریخی عمارت کا مختصر مگر جامع تعارفی دورہ کرایا۔
یاد رہے پوپ لیو اس مسجد کا دورہ کرنے والے تیسرے پوپ ہیں۔ اس سے قبل پوپ فرانسس نے 2014 اور پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے 2006 میں یہاں کا دورہ کیا تھا۔ پوپ جان پال دوم کا 2001 میں دمشق کی اموی مسجد کا دورہ مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان تاریخی روابط کی اہم کڑی سمجھا جاتا ہے۔استنبول میں پوپ لیو کا یہ دورہ امن، مکالمے اور عالمی مذہبی ہم آہنگی کی نئی راہیں کھولنے ذریعہ بنے گا۔