مبارک بادیاں خوشی کا پیمانہ بن سکتی ہیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ یکم فروری2026 مومنین سے خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے زور دیا کہ مبارک بادیوں کے مطابق زندگی گزارنا ہمیں حقیقی خوشی عطا کر سکتا ہے، دنیا کی تاریکیوں میں روشنی لا سکتا ہے اور ہمارے دلوں کو نئی زندگی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا اُن لوگوں کو اُمید دیتا ہے جنہیں دنیا نااُمید سمجھ کر رد کر دیتی ہے۔پوپ لیونے کہا کہ یسوع تمام انسانیت کے لیے خوشخبری کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا یہ دراصل وہ روشنیاں ہیں جو خداوند تاریخ کی تاریکی میں جلاتا ہے، اور نجات کے اْس منصوبے کو ظاہر کرتی ہیں جسے باپ، بیٹے کے وسیلہ اور رْوح القدس کی قدرت سے پورا کرتا ہے۔
پوپ لیو نے کہا کہ پہاڑ پر مسیح یسوع شاگردوں کو ایک نیا قانون عطا کرتے ہیں، جو پتھر پر نہیں بلکہ دل پر لکھا گیا۔ وہ قانون جو ہماری زندگی کو نیا کر تا اور اسے نیکی سے بھر دیتا ہے، یہاں تک کہ جب دنیا ہمیں دْکھ سے بھری اور ناکام نظر آئے۔
انہوں نے کہا کہ واقعی صرف خدا ہی غریبوں اور مصیبت زدہ لوگوں کو مبارک کہہ سکتا ہے،کیونکہ وہ سب سے بڑی بھلائی ہے جو لامحدود محبت کے ساتھ خود کو سب کو عطا کرتا ہے۔ صرف وہی امن اور انصاف کے متلاشیوں کو تسکین دے سکتا ہے، کیونکہ وہ دنیا کا سچا اور دائمی امن کا مصنف ہے۔
پوپ لیو نے مزید کہا کہ صرف خدا میں ہی حلیم، رحم دل اور پاک دل لوگ حقیقی خوشی پاتے ہیں، کیونکہ وہی اُن کی اُمیدوں کی تکمیل ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ مبارک بادیاں اُن لوگوں کو متضاد لگ سکتی ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ طاقتور ہی ہمیشہ دنیا پر حکمرانی کریں گے۔
انہوں نے کہاجو لوگ یہ سوچنے کے عادی ہیں کہ خوشی صرف امیروں کا حصہ ہے، وہ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ یسوع دھوکے میں ہیں۔ مگر اصل دھوکا تو مسیح پر ایمان کی کمی میں ہے۔
پوپ لیو نے کہا کہ مسیح وہ غریب انسان ہے جو اپنی زندگی سب کے ساتھ بانٹتا ہے۔ وہ حلیم انسان ہے جو دْکھ میں ثابت قدم رہتاہے۔ وہ صلح کرانے والاہے جسے صلیب پر موت تک ستایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مبارک بادیاں ہمارے لیے خوشی کا پیمانہ بن جاتی ہیں۔یہ ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہیں کہ آیا ہم خوشی کو خریدی جانے والی کامیابی سمجھتے ہیں یا بانٹی جانے والی نعمت؛اور آیا ہم اْسے فنا ہونے والی چیزوں میں رکھتے ہیں یا اُن رشتوں میں جو زندگی بھر ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسیح کی بدولت آزمائشوں کی تلخی نجات یافتہ لوگوں کی خوشی میں بدل جاتی ہے۔ یسوع کسی دُور کی تسلی کی بات نہیں کرتے، بلکہ اُس مستقل فضل کی بات کرتا ہے جو خاص طور پر مصیبت کے وقت ہمیں سہارا دیتا ہے۔
آخر میں پاپائے اعظم لیو چہار دہم نے کہامبارک بادیاں عاجزوں کو بلند کرتی اور مغروروں کو اُن کے دلوں کے گہرے خیالات میں منتشر کر دیتی ہیں۔نیز انہوں نے مقدسہ مریم کنواری سے شفاعت کی التجا کی تاکہ وہ ہمیں مبارک بادیوں کے مطابق زندگی گزارنے میں مدد دے۔