غریبوں کی دیکھ بھال مشکل ضرور ہے مگر مسیحی زندگی کا لازمی حصہ ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ4 مئی2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے Catholic Charities USA کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی خدمت حقیقی مسیحی زندگی کا ایک لازمی حصہ ہے، چاہے اس راہ میں کتنی ہی مشکلات کیوں نہ ہوں۔ اس ملاقات میں پوپ لیو نے اس امر کو تسلیم کیا کہ جو لوگ غریبوں کی خدمت کے ذریعے خوشخبری سنانے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں ذاتی اور ادارہ جاتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مشکلات میں وسائل کی کمی، دوسروں کو یہ باور کرانا کہ یہ خدمت مسیحی زندگی کا لازمی حصہ ہے اور خاص طور پر اس وقت حوصلہ نہ ہارنا شامل ہے جب ہم اُن لوگوں کی مدد نہیں کر پاتے جن کی ہم دل سے مدد کرنا چاہتے ہیں۔پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ Catholic Charities USA کوبھی ان چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر ایسے ہی حالات میں ہمیں یسوع کی آواز سننی چاہیے جو ہمیں یاد دلاتی ہے:”میں ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں۔“
پوپ لیو نے Catholic Charities USA کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خداوند کی”رحمت کی خدمت“کو جاری رکھے ہوئے ہیں، خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ غیر انسانی حالات کے حل تلاش کرنے، افراد اور خاندانوں کے دْکھ درد کو کم کرنے اور مشکلات سے دبے ہوئے لوگوں کا بوجھ ہلکا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان تمام کاموں میں مسیح کی محبت ہی آپ کو آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے۔پوپ لیو نے یاد دلایا کہ ہمسائے سے محبت دراصل خدا سے سچی محبت کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاحی کارکنوں کو اس جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے کہ وہ دوسروں کو نہ صرف مادی مدد فراہم کریں بلکہ یسوع کے دل کی محبت بھی اُن تک پہنچائیں، کیونکہ اسی محبت میں حقیقی سکون اور انسان کی عزت پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب Catholic Charities ضرورت مندوں کی مدد کرتی ہے تو وہ دراصل مسیح کے جسم سے رابطہ قائم کرتی ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو چہاردہم نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ترغیب دی کہ وہ جی اْٹھے یسوع کو اپنی خدمت میں رہنما بنائیں، کیونکہ”جی اْٹھامسیح ہر چیز کو نیا بنا دیتا ہے۔“انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ کے عظیم مشن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور آپ سب کو اپنی دْعاؤں میں یاد رکھنے کا یقین دلاتا ہوں۔
یادرہے کہ یہ ادارہ 170 سے زائد ڈایوسیز ایجنسیوں پر مشتمل ہے اور امریکہ کی سب سے بڑی سماجی خدمات فراہم کرنے والی تنظیموں میں شمار ہوتا ہے۔