دنیا میں جہاں امن کی کمی ہے وہاں اْمید لے کر جائیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 17نومبر2025کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے روم میں ویٹیکن کے سفارتی عملے سے ملاقات کی جو دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اور انہیں یہ تلقین کی کہ وہ ”اْمید کے زائر“ بنیں، خاص طور پر وہاں جہاں لوگ انصاف اور امن سے محروم ہیں۔اپنے خطاب کے آغاز میں پوپ لیو نے سفارت کاروں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنے وطن سے دور رہ کر انجیل کے نجات بخش پیغام کو دنیا کے کناروں تک پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویٹیکن کے یہ سفارت کار بھی دوسرے زائرین کی طرح مقدس پطرس رسول کے مقبرے پر اپنا ایمان مضبوط کرنے اور اپنی خدمت کے جذبے کو تازہ کرنے کے لیے روم آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی ماحول میں اپنی کہانت کی خدمت انجام دینے کا مطلب ہے کہ آپ جہاں بھی ہیں، پوری کلیسیا کی موجودگی ہیں، خاص طور پر پاپائے اعظم کے شفقت بھرے پاسبانی دل کے نمائندگان بھی ہیں۔
پوپ لیو نے انہیں یاد دلایا کہ اپنی کہانت کی شناخت کو ساکرامنٹوں کے ذریعے مضبوط کریں۔انہوں نے سفارت کاروں کو یہ بھی نصیحت کی کہ خود کو تنہائی کا شکار نہ ہونے دیں اور مسیح سے محبت میں ڈوبے ہوئے شاگرد بنیں،نیزانجیل کی روشنی کے ساتھ اْس ماحول میں جئیں جہاں آپ رہتے اور کام کرتے ہیں۔
خطاب کے آخر میں پوپ لیونے سفارت کاروں کو یاد دلایا کہ ان کی ہر رہائش گاہ میں ایک چیپل ہوتا ہے،جو گھر کا حقیقی مرکزہے،جہاں موجود قربان گاہ اندھیروں اور بے چینیوں کو دْور کر کے آپ کے سفر کی راہ کو روشن کرتا ہے۔