خدا نے ہمارے لیے ابدی زندگی کا راستہ کھول دیا ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 2نومبر2025کومرحوم ایمانداروں کی عید کے موقع پر پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے روم کے ویرانو قبرستان میں تمام ایمانداروں کی یادگاری تقریب کی صدارت کی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح یسوع کی طرف سے ابدی زندگی کا اعلان مرنے والوں کے سروں کے پتھروں اور قبروں کے درمیان گونجتاہے۔ درحقیقت یسوع نے موت کی وادی سے گزر کر ہمارے لیے ابدی زندگی کا راستہ کھول دیا ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ مسیح یسوع ہمارے سفر کی منزل ہے۔اور وہ آخری منزل محبت کی ملاقات ہوگی۔ یہ وہی محبت ہے جس کے ساتھ خدا نے ہمیں پیدا کیا، وہی محبت جس کے ذریعے اْس کا بیٹا ہمیں موت سے بچاتا ہے اوروہی محبت جس کے ذریعے وہ چاہتا ہے کہ ہم ہمیشہ اْس کے ساتھ اور اپنے پیاروں کے ساتھ رہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو نے کہا کہ آئیے جی اْٹھے مسیح پر اپنی نگاہیں جمائیں اور اپنے اْن پیاروں کے بارے میں سوچیں جو ہم سے پہلے اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ نیز خُداوند کے ابدی زندگی کے وعدے کو اپنے دلوں میں گونجنے دیں۔
بعد ازاں پاپائے اعظم لیو نے سینٹ پیٹرز باسیلیکا کے تہہ خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پوپ فرانسس کے لیے خصوصی دْعا کی۔