بھائی چارہ آج کی دنیا کی ناگزیر ضرورت ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ4 فروری 2026کو پاپا ئے اعظم لیو چہارد ہم نے عالمی یومِ انسانی اخوت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی اخوت کوئی خیالی تصورنہیں بلکہ آج کی دنیا کی فوری ضرورت ہے، جو تنازعات، اختلافات اور کشیدگی سے زیادہ طاقتور ہے۔
پوپ لیو نے بتایا کہ انسانی اخوت برائے عالمی امن کی دستاویز پر دستخط کی ساتویں سالگرہ ہمیں اس ناقابلِ شکست رشتے کی یاد دلاتی ہے جو تمام انسانوں کو جوڑتا ہے۔ ان کے مطابق، جنگ اور تشدد کا سب سے پہلا شکار ہمیشہ اخوت ہی بنتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اخوت صرف الفاظ یا نظریات تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ احترام، اشتراک، ہمدردی اور عملی خدمت کے ذریعے روزمرہ زندگی میں ظاہر ہونی چاہیے۔ پوپ لیونے کہا کہ حقیقی امن اور بھائی چارہ ٹھوس اعمال کے بغیر ممکن نہیں۔
اپنے پیغام کے آخر میں پوپ لیو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہر انسان کو اجنبی یا خطرہ نہیں بلکہ بھائی اور بہن کے طور پر تسلیم کیا جائے۔