پوپ لیو ویٹیکن گارڈن میں عالمی امن کے لیے پاک روزری کی عبادت کی قیادت کریں گے۔
مورخہ 28مئی 2026کوپوپ لیو چہاردہم نے جنگ کے خاتمہ کے لیے اپنی مسلسل اپیلوں کے ساتھ دْعا کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اسی سلسلے میں وہ 30 مئی کو ویٹیکن گارڈن میں دنیا بھر میں امن کے لیے پاک روزری کی عبادت کی قیادت کریں گے، جس میں روزری کے ہر بھید کو جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔ویٹیکن نیوز کے مطابق، پوپ لیو چہاردہم اپنی پوری پاپائی خدمت کے دوران دنیا میں امن کی اپیل کرتے رہے ہیں اور ان اپیلوں کے ساتھ مسلسل دْعا کی دعوت بھی دیتے آئے ہیں۔
اسی مقصد کے تحت پوپ 30 مئی بروز ہفتہ شام 7 بجے ویٹیکن گارڈن میں واقع ”مقدسہ مریم کی لوردس کی پہاڑی“(Grotto of Our Lady of Lourdes) پر پاک روزری کی عبادت کی قیادت کریں گے۔ یہ پاک عبادت مئی کے مہینے کے اختتام پر ادا کی جائے گی۔
دنیا بھر کے تمام مومنین اور زیارت گاہوں کو اس روزری میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔جن بڑی زیارت گاہوں نے اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے اْن میں شامل ہیں: یوکرین کے شہر زاروانیتسیا میں ”مدر آف گاڈ“کی زیارت گاہ، فلپائن کے شہر انٹیپولو میں ”آور لیڈی آف پیس اینڈ گڈ ووئیج“کی عالمی زیارت گاہ، پرتگال کے شہر فاطمہ میں ”آور لیڈی آف دی روزری“کی زیارت گاہ، بوسنیا و ہرزیگووینا کے میڈجوگوریے میں ”کوئین آف پیس“کی زیارت گاہ، فرانس کے لوردس کی زیارت گاہ، لبنان میں مقدس شربل عنایہ کی زیارت گاہ، اور اٹلی کے لوریٹو میں واقع”ہولی ہاؤس آف لوریٹو“کی پونٹیفیکل زیارت گاہ شامل ہیں۔
پہلا بھیدجنگ کے متاثرین، خاص طور پر کمزور اور بے سہارا افراد کے لیے ہوگا۔ دوسرا اُن لوگوں کے لیے مخصوص ہوگا جو جنگ سے متاثرہ علاقوں میں اْمید کے الفاظ اور ایمان کی تسلی پہنچاتے ہیں۔ تیسرا ڈاکٹروں، طبی عملے اور اُن رضاکاروں کے لیے ہوگا جو روزانہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرتے ہیں۔چوتھا بھیداُن افراد کے لیے ہوگا جو جنگ کے تشدد، قید و بند اور انسانی وقار کو مجروح کرنے والی ذلت کا شکار ہیں۔ جبکہ پانچواں اور آخری بھید دنیا میں جنگ کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مخصوص ہوگا۔
روم میں موجود زائرین اور مومنین بھی سینٹ پیٹرز اسکوائر میں نصب بڑی اسکرینوں کے ذریعے اس عبادت میں شریک ہو سکیں گے۔یہ اقدام”ڈیکاسٹری فار ایونجلائزیشن“کے اُس شعبے کی جانب سے کیا جا رہا ہے جو دنیا میں بشارت رسانی سے متعلق بنیادی سوالات پر کام کرتا ہے۔