بزرگ مستقبل کی مضبوط بنیاد ہیں۔پوپ فرانسس

مورخہ 15مئی 2024کو پوپ فرانسس نے بزرگوں کے موجودہ حالات کو تسلیم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ خدا اپنے بچوں کو کبھی نہیں چھوڑتا۔انہوں نے بتایا کہ خاندان میں بزرگ مضبوط بنیاد ہوتے ہیں جس پر ”نئے“ پتھر آرام کر سکتے ہیں، تاکہ روحانی عمارت کی تعمیر میں شامل ہو سکیں۔پوپ فرانسس نے کہا کہ بزرگ افراد جن میں نانا نانی اور دادا دادی شامل ہیں اکثر بڑھاپے میں تنہائی اور اکیلا پن اْن کا ساتھی ہوتا ہے۔ 
انہوں نے وضاحت کی کہ اس تنہائی کی بہت سی وجوہات ہیں۔بہت سی جگہوں پر، سب سے بڑھ کر غریب ممالک میں، بوڑھے خود کو تنہا پاتے ہیں کیونکہ اْن کے بچے اچھے مستقبل کی تلاش میں ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔پوپ فرانسس نے روت کی کتاب سے نعومی کی کہانی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ نعومی جو بوڑھی ہو چکی تھی اْس نے اپنی دونوں بہوؤں سے کہا کہ وہ اْسے چھوڑ کر اپنے آبائی شہروں اور اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔ کیونکہ نعومی خود کو ایک بوجھ کے طور پر دیکھتی ہے اور ایک طرف ہٹنا بہتر سمجھتی ہے۔اْس کی ایک بہو ماں کے کہنے کے مطابق کرتی ہے۔ جبکہ دوسری بہو، روت نعومی کا ساتھ نہیں چھوڑتی اور کہتی ہے کہ آپ مجھ پر دباؤ نہ ڈالیں کہ میں آپ کو چھوڑ دوں۔روت اپنے زمانے کے رسم و رواج کو چیلنج کرنے سے نہیں ڈرتی اور ماں کا ساتھ نہیں چھوڑتی۔
پوپ فرانسس نے اپنے پیغام کو اس اپیل کے ساتھ ختم کیا کہ آئیں ہم بھی اپنی زندگی میں روت کا کردار ادا کریں اور ہمیشہ اپنے بزرگوں کو اپنے ساتھ رکھیں۔نیز اْن بزرگوں کو تنہائی میں چھوڑ دینے والے خودغرضانہ رویے کی جگہ روت کی طرح جرات مند بنیں۔