ایسٹرکا تہوار قربانی،ایثار اور معافی کا درس دیتا ہے۔
عیدِ قیامت المسیح کے پْرمسرت موقع پر کیتھولک بشپ کانفرنس پاکستان کے صدر او رراولپنڈی اسلام آباد ڈایوسیس کے آرچ بشپ تقدس مآب بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن قربانی،ایثار اور معافی کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ اس پْرمسرت تہوار پر ہمیں اپنے ارد گرد نظر رکھنی چاہیے اور اپنے غریب اور مستحق بہن بھائیوں کو بھی ضرور یاد رکھنا چاہیے تاکہ وہ بھی اس خوشی میں شامل ہوسکیں۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے پاک وطن کی تمام سیاسی قیادت اور دیگر اداروں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خصوصی دعا کی کہ خدا تعالیٰ پاک وطن کو ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے تاکہ پاک وطن دن دگنی اور رات چوگنی ترقی حاصل کر سکے۔آمین