ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر، ہیٹ ویو الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی نئی لہر کے آغاز کی خبر دیتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ مری، گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تاہم آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کا راج رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 مئی تک ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وسیع علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی 20 سے 24 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے اور دن کے اوقات میں پارہ معمول سے 5 تا 7 ڈگری زیادہ رہے گا۔

کراچی میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے تاہم مرطوب موسم کے باعث پارہ 42 ڈگری سے زیادہ محسوس ہوگا۔ملتان،ساہیوال،فیصل آباد میں دن بارہ بجے سے پہلے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری پر پہنچ گیا جبکہ لاہورمیں پارہ 36 پر شدت بیالیس ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔

ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ گرمی کے باعث گرد و غبار، تیز ہوائیں، ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پانی کا استعمال زیادہ کریں اور دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر بزرگ، بچے اور بیمار افراد صبح 10 بجے سے شام 5 بجے کے دوران دھوپ سے بچیں۔ ضلعی انتظامیہ، ہسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail