دنیا کی چند زہریلی اور خطرناک مکڑیاں
مکڑی ایک چھوٹا سا کیڑا ہے جس کی دنیا بھر میں بے شمار اقسام پائی جاتی ہیں۔ جسامت میں مختلف اور لاتعداد رنگوں میں پایا جانے والا یہ کیڑا بے ضرر بھی ہوتا ہے مگر اس کی کئی اقسام نہایت زہریلی ہیں۔
عام طور پر ہمارے گھروں میں یہ مکڑیاں دیواروں اور کونوں میں اپنا جالا بن کر اس میں رہتی ہیں۔ اپنا یہ گھر مکڑیاں لعابِ دہن سے تیار کرتی ہیں۔
ماہرینِ حشرات کے مطابق اس کی ان گنت اقسام ہیں جو اپنی جسامت، ساخت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے الگ الگ ہیں۔ ان میں سے بعض مکمل طور پر ویرانوں میں رہنا پسند کرتی ہیں جب کہ اکثر مکڑیاں انسانوں کے درمیان اپنی جگہ پر رہنے کے ساتھ کسی بھی جنگل، ویران جگہ پر جالے بنا کر بھی رہتی ہیں۔
مکڑی پر تحقیق کرنے کے بعد ماہرین کہتے ہیں کہ ان کی بعض اقسام نہایت زہریلی ہیں۔ ان کے کاٹنے سے انسان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بعض مکڑیوں کے کاٹنے سے جسم پر شدید خارش، دھبے بننے کے علاوہ درد کا احساس ہو سکتا ہے جب کہ اس کی وجہ سے ہونے والے زخم میں مواد بھر جاتا ہے جس سے متاثر ہ جگہ سڑ سکتی ہے۔ جنگل میں پائی جانے والی مکڑی کی بعض اقسام کے کاٹنے سے بخار اور بے ہوشی بھی طاری ہو سکتی ہے۔ اسی طرح کسی بھی انسان کو زہریلی مکڑی کے کاٹنے کے بعد متلی، قے کی شکایت کے ساتھ جسم میں شدید درد کا احساس ہو سکتا ہے۔
محققین اور جنگلی حیات کے ماہرین کے مطابق بلاج برنا، بنکا، مورتر، جالنی وغیرہ مکڑیوں کی وہ قسم ہیں جو نہایت زہریلی اور مہلک ہیں۔