بی ہمنگ برڈ
شہد کی مکھی جتنا اور 2 گرام وزنی دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ ہے۔
بی ہمنگ برڈ صرف کیوبا میں پایا جاتا ہے۔ یہ اتنا چھوٹا ہوتا ہے کہ بہت سے لوگ جب اسے پھولوں پر اڑتا دیکھتے ہیں تو اکثر اسے شہد کی مکھی ہی سمجھ لیتے ہیں۔کیونکہ اس کی جسامت شہد کی مکھی سے کچھ ہی زیادہ ہوتی ہے، اسی وجہ سے اسے بی ہمنگ برڈ کہا جاتا ہے۔ اس پرندے کا وزن صرف دوگرام اور اس کے انڈوں کا سائز کافی کے بیجوں جتنا ہوتا ہے۔ یہ باضابطہ طور پر دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ ہے۔
یہ پرندہ صرف دیکھنے میں میں ہی شہد کی مکھی جیسا نہیں ہے بلکہ یہ پھولوں کا رس جمع کرنے کے معاملے میں بھی شہد کی مکھیوں کا حریف ہے، اسے خود زندہ رہنے کے لیے روز 1500 پھولوں سے خوراک حاصل کرنی پڑتی ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ پرندہ جزیراتی بونا پن(Insular dwarfism) نامی ایک مظہر کی وجہ سے چھوٹا ہوگیا ہے۔
نر بی ہمنگ برڈ مادہ کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت اور چھوٹا ہوتا ہے، اسی وجہ سے یہ شکاری پرندوں، سانپوں اور مکڑیوں کا شکار بنتا ہے۔
اگر یہ شکار ہونے سے بچ جائے تو سات سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔یہ ایک تیز رفتار پرندہ ہے جس کی اڑنے کی رفتار 25 سے 30 میل فی گھنٹہ ہوتی ہے۔ بی ہمنگ برڈ اپنے پروں کو ایک سیکنڈ میں 80 بار پھڑپھڑا سکتا ہے۔ بی ہمنگ برڈ کا گھونسلا گولف کی گیند بھی چھوٹا ہوتا ہے۔ مادہ ہمنگ برڈ ایک بار میں ایک یا دو انڈے ہی دیتی ہے۔ تین ہفتوں میں انڈوں سے بچے نکلتے ہیں۔ چار دن میں ان بچوں کا وزن دوگنا ہو جاتا ہے۔18 دنوں میں ان بچوں کے پر مکمل ہو جاتے ہیں اور چند دن بعد ہی یہ اڑنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
بی ہمنگ برڈ ایک نایاب پرندہ ہے۔ ان کے گھونسلے ڈھونڈنا آسان کام نہیں۔ اس کی نایابی کی وجہ سے ہی اس کی زیادہ ویڈیوز دستیاب نہیں۔