بلیک ڈائمنڈ ایپل
سیاہ نایاب سیب کا نام سن کر یقینا آپ حیرانہ ہوئے ہونگے کیونکہ سیب عموماً لال، ہرے، پیلے یا انہی رنگوں سے ملتے جلتے ہوتے ہیں لیکن اب آپ کو گاڑھے جامنی یا سیاہ رنگ کے سیب بھی کھانے کو مل سکتے ہیں۔یہ نایاب سیب چین کے علاقے تبت کے خاص جغرافیائی حالات میں اگتے ہیں اور انہیں 'بلیک ڈائمنڈ ایپل' یعنی سیاہ ہیرا کہا جاتا ہے۔
یہ سیب 2015 میں اگنا شروع ہوئے لیکن کئی وجوحات کی وجہ سے یہ بیجنگ، شنگھائی، گوانگزو اور شینزن کی اونچے طبقے کی سپرمارکیٹوں میں ہی نظر آتا ہے اور اس کی قیمت بھی بہت زیادہ ہے۔ایک سیب کی قیمت 7 ڈالر یا پاکستانی ایک ہزار روپے ہے۔
ایک چینی ای کامرس کمپنی تبت کے علاقے میں سطح سمندر سے 3100 میٹر بلندی پر 50 ایکڑ رقبے پر ان یہ نایاب سیبوں کو اُگا رہی ہے۔اس علاقے میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے اور وہاں اس پھل کو بہت زیادہ سورج کی روشنی اور الٹراوائلٹ روشنی ملتی ہے جس سے ان کا رنگ گاڑھا جامنی ہو جاتا ہے۔
سیاہ رنگت کی بنا پر اس پھل کی افزائش بہت سست ہوتی ہے۔ عام سیب کا درخت 3 سے 5 برس میں پیداوار دینا شروع کرتا ہے لیکن اس کی پیداوار 8 سال سے پہلے ممکن نہیں ہوتی۔ ان میں سے بھی صرف 30 فیصد سیب ایسے ہیں جو مکمل سیاہ ہونے پر پورا اترتے ہیں اور اچھے داموں فروخت ہوتے ہیں۔