پازی کی مقدسہ مریم مگدلینی
آپ 1566 میں فلورنس کے مقام اٹلی میں ایک معزز گھرانے میں پیدا ہوئی۔بپتسمہ کے وقت آپ کو کیتھرین کا نام دیا گیا۔ شروع ہی سے آپ دْعا، ریاضت اور غریبوں کی مدد کرنے میں خاصی دلچسپی لیتی تھی۔ آپ کو مذہبی تعلیم پڑھانے کا بے حد شوق تھا۔نیک سیرت ہونے کی وجہ سے آپ سب کو بھاتی تھی۔ دس سال کی عمر میں جب آپ نے پہلی بار پاک شراکت لی۔ تو اسی وقت آپ نے وعدہ کیا کہ آپ خدا کے لیے پاکدامنی کی زندگی بسر کریں گی۔ چودہ برس کی عمر میں جب آپ ایک کانوینٹ سکول میں بھیج دیں گی تو آپ کی ریاضتی زندگی کو دیکھ کر دیگر سسٹرز کہا کرتی تھیں کہ ایک روز آپ بڑی مقدسہ بنے گی۔ 1582میں آپ نے ایک کار ملائیٹ کانوینٹ میں اس لئے شمولیت اختیار کی کیونکہ یہاں آپ ہر روز پاک شراکت لے سکتی تھی۔ کچھ عرصے کے بعد1583میں آپ نے اس جماعت میں مریم مگدلینی کا نام اختیار کیا۔ 29مئی 1584میں آپ شدید بیمار پڑ گئی اور یوں لگا آپ صحت یاب نہیں ہوں گی۔ اْس دن سے جب آپ کو مذہبی جماعت کا لباس ملا اور اپنی وفات کے دن تک آپ پر اکثر وجد کی کیفیت طاری ہو جاتی تھی۔ عرصہ پانچ سال تک(1585-1590)آپ شدید شیطانی حملوں اور آزمائشوں کا سامنا کرتی رہیں۔تاہم آپ ایمان کی مضبوطی کے ساتھ ان کا مقابلہ کرتی رہیں۔اس دوران آپ کو جماعت نے بھاری ذمہ داریاں سونپ دیں۔ خدا کی طرف سے آپ کو یہ قدرت حاصل تھی کہ آپ دوسروں کے دل کے حالات اور ذہنی خیالات معلوم کر سکتی تھی۔ آپ کو معجزات کی قوت بھی عطا کی گئی۔ اپنی زندگی کے آخری تین سال بیماری کی حالت میں اپنے ناقابل بیان اذیت اوردْکھ اْٹھائے۔تاہم آپ ہمیشہ ثابت قدم رہیں اور41 برس کی عمر میں فوت ہوئی تو اْس وقت معجزات رونما ہوئے۔ آپ کا جسدِ خاکی ابھی تک موجود ہے۔آپ کی عید ہر سال 25مئی کو منائی جاتی ہے۔