پادواء کا مقدس انتھونی
آپ1195 میں پرتگال کے شہر لزبن (Lisbon)میں ایک امیر گھرانے میں پیدا ہوئے۔بپتسمہ کے وقت آپ کو فردیننڈکا نام دیا گیا۔ 15 سال کی عمر میں آپ نے آگسٹین جماعت میں شرکت کی۔ یہاں آپ بیشتر وقت دْعا اور مطالعے میں صرف کرتے تھے۔ دو سال بعد آپ کو ایک اور راہب خانے بھیج دیا گیا۔ جہاں آپ نے آٹھ سال تک قیام کیا۔اسی وقت مراکش سے پانچ فرانسسکن شہیدوں کے تبرکات پرتگال لائے گئے۔ اس واقعہ نے آپ کو اس قدر متاثر کیا کہ آپ بھی ایمان کی خاطر شہید ہونے کو تیار ہوگئے۔ اسی غرض سے آپ نے اپنی جماعت کے صدر راہب سے بمشکل اجازت لی اور فرانسکن جماعت میں شامل ہو گئے۔ کچھ عرصہ کے بعد آپ نے افریقہ جانے کی اجازت لی تا کہ وہاں جا کر منادی کرسکیں۔ تاہم آپ کو ایک شدید نوعیت کی بیماری نے آگھیرا اور آپ کو واپس لوٹنا پڑا۔دوران سفر ایک راہ میں آپ کا بحری جہاز تْند ہواؤں کے سبب اٹلی کے شہر سے سسلی جا پہنچا۔آپ کے دل میں خواہش تھی کہ آپ مقدس فرانس کے شہر اسیسی جائیں۔ جب وہاں پہنچے تو جماعت کا ایک سالانہ اجتماع جاری تھا۔اِسی مصروفیات کے باعث آپ کی آمد پر کسی نے بھی خاطر خواہ پروانہ کی۔ بعد ازاں آپ کو ایک قریبی راہب خانے میں بھیج دیا گیا۔ جہاں آپ چھوٹے موٹے کام کرتے رہے۔ ایک دن یوں ہوا کہ ایک کاہن جس نے اس روز پیغام دینا تھا نہ آسکا۔ آپ کو کہا گیا کہ آپ اس روز پیغام سنائیں۔ آپ نے اپنی لیاقت کے مطابق یہ فریضہ بخوبی سرانجام دیا اور ہر کوئی جو وہاں موجود تھا آپ کے اندازِ بیان سے نہایت حیران ہوا۔اس وقت سے لے کر اپنی وفات تک تقریبا نو سال آپ مختلف جگہوں پر وعظ کرتے رہے۔ جب آپ پیغام سناتے تھے تو لوگ جوک در جوک اپنے کاروبار بند کرکے آپ کو سننے آتے تھے۔ گر جا گھربھر جاتے تھے تو آپ نے کھلی جگہوں پر جا کر پیغام سْناناشروع کیا۔
آپ کی منادی کی بدولت ایمان سے انکاری مجرم اور گناہ گار سب کے سب خدا کی طرف لوٹ آئے۔ آپ نے علم الہیات پڑھانے کا فریضہ بھی انجام دیا۔ ایک دفعہ جب آپ پادواء نامی علاقے میں اپنے دوست کے ہاں رات بسر کرنے کے لئے ٹھہرے تو آپ کے دوست نے دیکھا کہ آپ کا کمرہ نور سے بھرا ہوا ہے۔ جب اْس نے جھانک کر دیکھا تو حیرت کی انتہا نہ رہی کیونکہ ایک میز پر پڑی ہوئی کھلی کتاب کے اوپر ایک خوبصورت بچہ تھا۔جس نے اپنے دونوں ہاتھ مقدس انتھونی کے گلے میں ڈالے ہوئے تھے۔ جب یہ منظر آنکھوں سے اوجھل ہوا تو آپ نے اپنے دوست سے وعدہ لیا کہ وہ اس رویا کا ذکر جب تک مقدس انتھونی زندہ ہیں کسی سے نہ کرے۔
فرانسسکن جماعت اور خدمت میں دس سال رہنے کے بعد آپ نے 13 جون 1231 میں وفات پائی آپ کی حیات و وفات کے وقت بے شمار معجزات رونما ہوئے۔ آپ کی عید ہر سال 13 جون کو منائی جاتی ہے۔