مقد س یوسف (عالمگیر کلیسا کا محافظ)
مقدس یوسف کا شمار اْن عظیم اور متبرک ہستیوں میں ہوتا ہے جو خدا کے بہت ہی قریب اور منصوبہِ نجات میں براہ راست شریک ہیں۔آپ مقدسہ مریم کے شوہر اور یسوع مسیح کے پالنے والے باپ ہیں۔آپ کو یہ شرف حاصل ہوا کہ آپ نے نہ صرف خدا کے بیٹے کی پرورش کی بلکہ اْس کی مبارک ماں کی حفاظت بھی کی۔آپ کانسب نامہ ایک شاہی گھرانے سے تھا۔اس کے باوجود آپ نے ساری زندگی غربت اور سادگی میں بسر کی۔آپ نے ”بڑھئی“ کا پیشہ اختیار کیااور بڑی محنت،لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کرتے رہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ِ ذکر ہے کہ جب بھی خدا نے آپ سے کوئی کام لینا چاہا تو آپ نہ صرف ہاں کرتے بلکہ اْسی وقت کرتے،چاہے وہ کام کتنا ہی مشکل ہوتا۔آپ نہایت پاکیزہ اور حلیم انسان تھے۔کلامِ مقدس آپ کو ”راستباز“ کا لقب دیتا ہے۔مقدس یوسف نے نجات کی تاریخ میں اپنی زندگی کی خوشبو سے دوسروں کو معطر کیا اور تمام محنت کشوں کے لیے اعلیٰ نمونہ بنے۔ پاک خاندان اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ مقدس یوسف حلیم اور فرض شناس باپ تھے۔ جب مقدس یوسف یسو ع مسیح کو محنت کرنا سکھاتے تھے تو یسو ع اْن کے ہاتھوں کا لمس محسوس کرتے تھے۔ مقدس یوسف کو ”عالمگیر کلیسیا کا مربی“ہونے کا بھی شرف حاصل ہے۔ بیسویں صدی میں جب کلیسیا بڑے نشیب و فراز سے گزر رہی تھی تو پاپائے اعظم پائس نہم نے مقدس یوسف کی مدد اور سفارش چاہی۔ پاپائے اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مقدس یوسف پاک خاندان کا محافظ تھا تو وہ ہماری بھی محافظت کر سکتا ہے اور ہماری حفاظت کی بھی سفارش کرے گا۔ پس پاپائے اعظم نے مقدس یوسف کو ”عالمگیر کلیسا کا محافظ“ قرار دے دیا اور ان سے محبت اور عقیدت کو فروغ دیا۔مقدس یوسف کی عید ہر سال 19مارچ کو منائی جاتی ہے۔
آپ سب کو مقدس یوسف بڑھئی کی عید مبارک ہو!
اے مقدس یوسف ہمارے واسطے دْعا کر!
Daily Program
