مقدس ا سٹیفن(ہنگری کا روشن ستارہ)

 مقدس اسٹیفن غیر مسیحی والد جو اْس وقت کے بادشاہ تھے اور مسیحی والدہ کے ہاں 969 میں ہنگری میں پیدا ہوئے۔ 10 برس کی عمر میں جب آپ نے بپتسمہ لیا تو آپ کے والد بھی مسیحی ہو گئے۔ آپ کی تعلیم و تربیت مسیحی علماء کے ہاتھوں ہوئی۔ 20 برس کی عمر میں آپ رشتہ ازدوج میں منسلک ہوگئے۔ ا پنے باپ کی وفات کے بعد جب اسٹیفن نے کاروبارِ مملکت سنبھالا تو سیاسی اور معاشی طور پر اپنے ملک کو مضبوط بنانے کے لیے اْس نے بہت سے اقدامات کیے۔ کئی بار انہیں غیر قوم کے نوابوں کی جانب سے بغاوت کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن انہوں نے سختی سے ان بغاوتوں کو کچلا اور اپنی قوم کو متحد رکھا۔ انہوں نے جلدی اپنی سلطنت اور اِرد گرد کے علاقوں میں امن قائم کر لیا۔ بعدازاں اپنی پوری کوشش کے ساتھ بت پرستی کا خاتمہ بھی کیا۔مقدس اسٹیفن نیک، امن پسند اور مذہب سے محبت کرنے والا بادشاہ تھا جو ہمیشہ سختی سے کلیسیائی قوانین پر عمل کرتا تھا۔ وہ اپنی رعایا اور ماتحتوں کی فلاح و بہبود کا ہمیشہ خیال رکھتا اور اپنے ملک میں امن اور خوشحالی کیلئے فکر مند رہتا۔
آپ نے ایمان کی اشاعت کے لیے جگہ جگہ گرجا گھر، راہب خانے اور بشپ ہاؤس قائم کیے۔ گرجا گھروں، مذہبی رہنماؤں اور غریبوں کی مدد کے لیے”دہ یکی“ کا نظام قائم کیا۔آپ نے یہ قانون بھی رائج کیا کہ جہاں 10 گاؤں ہوں وہاں پر گرجا گھر بنایا جائے گا۔
 آپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سوائے کاہنوں، راہبوں اور راہبات کے تمام لوگ شادی کریں گے۔1031 میں جب آپ کا بیٹاایمرک فوت ہوا، تو جانشینی کے مسئلے کی وجہ سے آپ کی باقی زندگی مشکلات میں گزری۔ آپ کے رشتہ دار تخت و تاج کی خاطر آپ کے جانی دشمن ہو گئے۔
 آپ 15 اگست 1038 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے اور 1083 میں آپ کو آپ کے بیٹے کے ہمراہ مبارک قرار دیا گیا۔تیرویں صدی کے اختتام سے ہنگری کی شاعری میں بادشاہ مقدس اسٹیفن ایک مشہور موضوع رہا۔پہلے پہل کی نظمیں اور گیت مذہبی مزاج کے حامل تھے۔ جن میں نیک اور راستباز بادشاہ کو ہنگری کے رسول کے طور پر پیش کیا گیا۔ پھر کچھ گیت جو خاص طور پر اْس کی عید کے حوالے سے لکھے گئے اْن میں بادشاہ مقدس اسٹیفن کے اْس عظیم کردار پر بھی زور دیا گیاجو اْس نے ہنگری کے پہلے بادشاہ کی حیثیت سے ادا کیا۔ شاعروں نے مقدس اسٹیفن کو قومی شناخت اور خود مختاری کی علامت کے طور پر بھی پیش کیا۔ ایسی مضبوط علامت جس سے تقویت پا کر ہنگری کی عوام 1949 سے 1989 کے دوران کیمونسٹ انقلاب میں بھی قومی، سماجی اور ایمانی طور پر مضبوط رہے۔ ایک مشہور معروف گیت جو آج بھی ہنگری کے گرجا گھروں میں گایا جاتا ہے۔اس میں بادشاہ مقدس اسٹیفن کو ہنگری کے”روشن ستارے“ کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔مقدس ا سٹیفن آف ہنگری کی عید ہر سال 16 اگست کو منائی جاتی ہے۔ آپ سبھی کومقدس اسٹیفن آف ہنگری کی عید بہت بہت مبارک ہو!

Daily Program

Livesteam thumbnail