خاتونِ لوردس
خاتونِ لوردس کی عید اْن تمام واقعات کو یاد کرتی ہے جب مقدسہ مریم 11 فروری 1858 میں پہلی بار فرانس کے ملک کے ایک چھوٹے سے قصبے لوردس کی ایک نوجوان لڑکی برنادت پر ظاہر ہوئی تھی جو کہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتی تھی۔ برنادت پڑھنا لکھنا نہیں جانتی تھی اور مذہبی تعلیم میں بھی کمزور ہونے کی وجہ سے مختلف مذہبی امور کو سمجھنے میں دشواری محسوس کرتی تھی۔لیکن یہ لڑکی نہایت ہی نیک اور سادگی پسند تھی۔خدا کے بارے میں جاننے کے لیے ہر وقت بہتاب رہتی تھی۔ ایک بار جب وہ اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ لکڑیاں چننے گئی تو ایک غار نما جگہ میں اسے ایک جلالی اور پْرنور سفید لباس میں نیلا پٹکے باندھے ہوئے ایک خاتون دکھائی دی۔ اس کے سر پر ایک سفید چادر تھی اور قدموں میں سنہری گلاب تھے اس کے ہاتھ بندگی میں جڑے ہوئے تھے اور ان میں روز ری تھی۔اْس خاتون نے برنادت کو روزی کی عبادت کے لیے کہا۔ اس طرح مقدسہ مریم برنادت پر وقتاً فوقتاً 18 مرتبہ ظاہرہوئیں اور ہر بار یہ ہدایت دیتی رہیں کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ دْعا اور ریاضت کو اختیار کریں۔نیز گنہگاروں کی تبدیلی کے لیے باقاعدہ روزی پڑھیں۔جب اِس لڑکی نے ایک بار اْس خاتون سے اْس کا نام پوچھا تو انہوں نے کہا ”میں وہ ہوں جو بے داغ حمل میں لی گئی“۔ لوردس کے مقام پر جہاں مقدسہ مریم ظاہر ہوئی بہت سے معجزات ہوئے اور آج بھی جاری ہیں۔ یہاں پر بالخصوص بیمار شفا پاتے ہیں۔ تاہم آج کا دن صرف اْن معجزات کی یاد میں ہی نہیں منایا جاتا بلکہ مقدسہ مریم کی عمومی زندگی خصوصاً ان کی پاکیزگی کو بھی خصوصی طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ یاد رہے مقدسہ مریم کے بے داغ حمل میں لیے جانے کے عید کے پاپائی فرمان کے چار سال بعد مقدسہ مریم لوردس کے مقام پر ظاہر ہوئی اور یوں انہوں نے بذات خود اپنے مبارک منہ سے ادا کیے گئے الفاظ سے اس بھید کی تصدیق فرمائی۔
اے رحیم خدا باپ ہم تیرا شکر ادا کرتے ہیں کہ تو اپنے منصوبہ نجات کو جاری رکھتا ہے۔ مقدسہ مریم جو ہمیں پیار کرتی اور ہماری شفاعت کرتی ہے تو اسے مقرر کرتا ہے کہ وہ ہمیں ایمان کی سچائیاں سمجھائیں اور اس دنیا میں زندگی بسر کرنے میں مدد دیں۔ بخش دے کہ ہم اس کی پاکیزگی کی تعظیم کریں اور اس کے روزے کی عبادت سے ہم ایمان میں مضبوط رہیں اور ہمارے بیمار شفا پائیں۔ آمین
خاتون لوردس کی عید مبارک ہو!
Daily Program
![Livesteam thumbnail](/sites/default/files/inline-images/live-stream-thumb.jpg)