یسوع کو اپنا انفلوئنسر بنائیں۔ کارڈینل تاگلے کی ایشیائی ڈیجیٹل مشنریوں سے اپیل

آرچ بشپ لوئس انتونیو کارڈینل تاگلے
آرچ بشپ لوئس انتونیو کارڈینل تاگلے

آرچ بشپ لوئس انتونیو کارڈینل تاگلے نے ایشیا بھر سے تعلق رکھنے والے کیتھولک ڈیجیٹل مشنریوں پر زور دیا ہے کہ وہ یسوع کو اپنی زندگی میں سب سے زیادہ اثر رکھنے والا بننے دیں، تاکہ آن لائن ان کی موجودگی اور خدمت انجیل کے حقیقی گواہ کے طور پر سامنے آئے۔
10 ستمبر کو کوئزون سٹی میں ریڈیو ویریتاس ایشیا کے کیمپس میں واقع پوپ جان پال دوم آڈیٹوریم میں پہلی ایشین کیتھولک ڈیجیٹل مشنری اسمبلی کے تعارفی اجلاس کے دوران کارڈینل تاگلے کا ویڈیو پیغام دکھایا گیا۔کارڈینل تاگلے نے ایشیا کے مختلف علاقوں سے آئے 100 سے زائد مندوبین کو یاد دلایا کہ جو لوگ دوسروں پر اثر ڈالتے ہیں، وہ خود بھی مختلف لوگوں اور تجربات سے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسروں پر اچھا اثر ڈالنا ایک اچھی بات ہے، خاص طور پر یسوع کی گواہی دینے کے لیے۔
10 تا13 ستمبر تک جاری رہنے والی اس چار روزہ اسمبلی کا موضوع ”انفلوائنسرز سے گواہ ہونے تک: ایشیا میں ڈیجیٹل مشن کے لیے سنڈی سفر“ ہے۔ اس اجتماع میں کیتھولک ڈیجیٹل مشنری، ابلاغی کارکنان اور انفلوئنسرز شریک ہیں تاکہ ڈیجیٹل ماحول میں کلیسیا کے بشارتی مشن میں اپنے کردار پر غور کر سکیں۔کارڈینل تاگلے نے کہا کہ انسان ہر روز مختلف عوامل سے متاثر ہوتا ہے، اس لیے ڈیجیٹل مشنریوں کو ان اثرات کے بارے میں محتاط اور باشعور رہنا چاہیے جو ان کی زندگیوں کو تشکیل دیتے ہیں۔انہوں نے ڈیجیٹل مشنریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے عزیز ڈیجیٹل مشنریو! اس بات سے آگاہ رہیں کہ آپ پر کون اور کیا اثر انداز ہو رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دوسروں پر اثر ڈالنے کا عمل صرف اس شخص سے شروع نہیں ہوتا جو دوسروں کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔کارڈینل تاگلے نے کہا کہ ہر انفلوئنسر دوسروں کو متاثر کرنے سے پہلے خود بھی کسی نہ کسی سے متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی ڈیجیٹل مشنریوں کے لیے اس اثر پذیری کے عمل کا مرکز یسوع ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری دْعا ہے کہ آپ یسوع کو، اس کے کلام اور روح کی قوت کے ذریعے، اپنی زندگی اور اپنے نقطہ نظر پر گہرا اثر ڈالنے دیں۔کارڈینل تاگلے نے زور دیا کہ ڈیجیٹل مشنری اس وقت دوسروں کے لیے حقیقی گواہی پیش کر سکتے ہیں جب انہوں نے خود یسوع کے بدل دینے والے اثر کو اپنی زندگی میں محسوس کیا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی زندگی میں یسوع کے بدل دینے والے اثر کا تجربہ کرنے کے بعد آپ دوسروں کے لیے حقیقی، سچی اور مستند گواہی بنیں گے، جو ان پر بھی اثر ڈالے گی۔ہم دوسروں پر اسی چیز کے ذریعے اثر ڈالتے ہیں جس نے خود ہم پر اثر ڈالا ہو۔
کارڈینل نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ دْعا اور مطالعہ کے ذریعہ یسوع کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید گہرا کریں۔جو لوگ اپنی زندگی میں ایک دوست اور بہترین اثر تلاش کر رہے ہیں، انہیں یسوع کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔کارڈینل تاگلے نے ڈیجیٹل مشنریوں کو یہ چیلنج بھی دیا کہ وہ مسیح سے حاصل ہونے والی روشنی کو صرف اپنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے دوسروں تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ یسوع اور اس کی روشنی کو اس کے نام پر دوسروں پر اثر انداز ہونے کے ذریعے چمکنے دیں۔
کارڈینل تاگلے نے اپنے پیغام کے اختتام پر شرکاء اور اسمبلی کے لیے دْعا کی کہ خدا آپ سب کو اور آپ کی اسمبلی کو برکت دے۔

Urdu Survey Popup