بین المذاہب مکالمے کے ذریعے پُرامن بقائے باہمی، ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔عزت مآب بشپ یوسف سوہن
مورخہ 13 دسمبر 2025 کو پاکستان میں کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ و اکومینزم (CCIDE) کے زیرِ اہتمام سینٹ انتھونی ہال، لاہور میں بین المذاہب کرسمس پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے کی اس تقریب میں ریورنڈ فادر آصف سردار ،وکر جنرل ۔آرچ ڈایوسیس لاہور، کاہن صاحبان ، مختلف مذاہب کے رہنما�¶ں اور سرکاری نمائندوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینا تھا۔
اس پْر مسرت موقع پر بشپ آف ملتان ڈایوسیس ا ور سی سی آئی ڈی ای کے چیئرمین ، عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے کہا کہ کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ و اکومینزم کمیشن کا مشن پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان محبت اور امن کا پیغام عام کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین المذاہب مکالمے کے ذریعے پُرامن بقائے باہمی، ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔عزت مآب بشپ یوسف سوہن ، جو ویٹیکن کے ڈکاسٹری برائے بین المذاہب مکالمہ کے رکن بھی ہیں، نے کہا کہ مختلف مذاہب کے لوگوں کے ساتھ بہتر تعلقات معاشرے، ملک اور دنیا میں امن، اتحاد اور سماجی انصاف کے فروغ میں مدد دیتے ہیں۔
پروگرام کے دوران بشپ یوسف سوہن نے دیگر مذہبی رہنما�¶ں کے ہمراہ کرسمس کی شمع روشن کی اور کیک کاٹا، جو اتحاد اور امن کے مشترکہ عزم کی علامت تھا۔ انہوں نے مذہبی رہنما�¶ں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں ہم آہنگی اور مفاہمت کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں۔
اس تقریب میں پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا سمیت ممتاز مذہبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ بادشاہی مسجد لاہور کے خطیبِ اعظم مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و ہم آہنگی کے تحفظ کی ذمہ داری تمام مذہبی رہنما�¶ں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یسوع مسیح شہزادہ ِامن ہے اور مسلمان بھی ان کے پیغامِ امن پر ایمان رکھتے ہیں۔ انہوں نے حالیہ ویٹیکن دورے کے دوران پوپ لیو چہاردہم سے ملاقات کو بامعنی قرار دیا اور پوپ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دینے کا بھی ذکر کیا۔
عالمِ دین مفتی سید عاشق حسین نے کہا کہ مسیح یسوع امن کے پیامبر ہیں ۔ انہوں نے امن و ہم آہنگی کے لیے حکومتِ پاکستان اور کیتھولک چرچ کے اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے کیتھولک چرچ کی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کی سرزمین ہے اور تمام شہری برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس، عید اور دیگر مذہبی تہواروں کو مل جل کر منانا اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیتا ہے۔
ریورنڈ فادر جیمز چنن OP نے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان اتحاد دنیا کو ایک مثبت پیغام دیتا ہے اور تمام چیلنجز کے باوجود پاکستان میں امن اور ہم آہنگی کے لیے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔