کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ کردار سازی کا عمل ہے۔ ریورنڈفادر جوزف شہزاد
مورخہ 26 اکتوبر 2025 کو سینٹ فرانسیس زیوئیر کیتھولک چرچ کوٹ کمبوہ کی جانب سے ”اُمید کے نقیب“ کے عنوان سے جوبلی سال 2025 کے تناظر میں سبزہ زارکرکٹ گراونڈ میں دوسرا سالانہ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کا انعقاد کیا گیا۔یہ ٹورنامنٹ پیرش پریسٹ ریورنڈ فادر جوزف شہزاد، اورمعاون پیرش پریسٹ ریورنڈفادر عدنان رشید زیرِ سرپرستی ہوا۔
 اس ٹورنامنٹ میں سمن آباد پیرش کے تمام چرچز کی نمائندگی کرتے ہوئے کل آٹھ ٹیموں نے بابو صاحبان کی قیادت میں شرکت کی اور شاندار کرکٹ کھیل کا مظاہرہ کیا۔فائنل میں سینٹ فرانسیس زیوئیر الیون کوٹ کمبوہ نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے بابو صابو الیون کو شکست دے کر ایک بار پھر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور 25,000 روپے نقد انعام جبکہ رنر اپ ٹیم بابو صابو الیون کو ٹرافی اور 10,000 روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔
تقریب کے اختتام پر ریورنڈفادر جوزف شہزاد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ نہ صرف ایک کھیل ہے بلکہ یہ نوجوانوں کے لیے تربیت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور محنت کی عملی درسگاہ بھی ہے۔ نوجوان جب کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں تو وہ صرف گیند اور بیٹ کے کھیل میں حصہ نہیں لیتے بلکہ وہ اپنے جذبے، حوصلے اور اتحاد کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔آخر میں انہوں نے کہاکہ ایسے ٹورنامنٹس امید کی ایک تازہ لہر ہیں۔ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ کردار سازی کا عمل ہے۔ جہاں ہر گیند اور ہر رن زندگی کے سبق سکھاتا ہے۔
ریورنڈفادر عدنان رشید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل نہیں بلکہ ہمارا حال ہیں۔ وہ حال جو زندگی، جذبے اور امید سے لبریز ہے۔ایک پر اُمید نوجوان ہی محنت اور سچائی سے نئی تاریخ رقم کر سکتاہے۔نیز انہوں نے فاتح ٹیم اور تمام شرکاء کو مبارکباد دی اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ سال بھی اس روایت کو مزید جوش و جذبے اور بہتر انتظامات کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں میں اْمید اور کھیل کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔
 
Daily Program
 
 
             
     
 
   
  