کاہن کی خدمت کلیسیا کیلئے پھل دار ہوتی ہے۔ریورنڈ فادر عدنان رشید
مورخہ 29نومبر2024کو سینٹ جوزف کیتھولک چرچ سوڈیوال کی سالگرہ اور ریورنڈ فادر جوزف شہزاد کی کہانت کی 30ویں سالگرہ بڑی دھوم دھام سے منائی گئی۔اس دن شکرگزاری کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت ریورنڈ فادر جوزف شہزاد پیرش پریسٹ نے فرمائی۔ریورنڈ فادر عدنان رشید نے دورانِ وعظ ریورنڈ فادر فادر جوزف شہزاد کو کہانت کے تیس سال وفاداری سے مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور اْن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔فادر موصوف نے بتایا کہ ریورنڈ فادر جوزف شہزاد کو خدا نے اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں سے نوازا ہے اور انہوں نے اپنی خدمت سے یہ ثابت کیا کہ وہ مسیح میں قائم ہیں۔اْن کی خدمت کلیسیا کیلئے بہت پھل لائی ہے جو نا صرف ہمارے بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی ہے۔
اسی دن کلام مقدس کے قاریوں میں کلام پڑھنے کا مقابلہ ہوا۔اوّل،دوم اور سوم آنے والے شرکاء کو ٹرفی دی گئی۔اس کے بعد ریورنڈ فادر جوزف شہزاد نے چر چ کی سالگرہ اوراپنی کہانت کی تیسویں سالگر ہ کا کیک کاٹا۔آخر میں مومنین نے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے فادر جوزف کو نوٹوں کے ہار پہنائے۔