نوجوان نسل کلیسیا اور معاشرے کا مستقبل ہے۔ ریورنڈ فادر آصف سردار، وِکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور
مورخہ 2 نومبر 2025 کو سینٹ انتھنی چرچ لاہور میں گیارھویں جماعت کے کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک تقریب منعقد ہوئی۔اس تقریب کا انعقاد ریورنڈ فادر آصف سردار، وِکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور اور ڈائریکٹرآف پاکستان مشن سوسائٹی کی قیادت میں کیا گیا۔
ریورنڈ فادر آصف سردار نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف کامیابی کے حصول کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ اسے خدمتِ انسانیت اور ایمان کی مضبوطی کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک نعمت ہے اور اس کا صحیح استعمال تب ہی ممکن ہے جب ہم اسے دوسروں کے فائدے کے لیے استعمال کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کلیسیا اور معاشرے کا مستقبل ہے، لہٰذا انہیں محنت، دیانت اور ایمان داری کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھنی چاہیے۔اس موقع پر ٹاپ کرنے والے سٹوڈنٹ کو پانچ ہزار روپے کا خصوصی انعام دیا گیاجب کہ دیگر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اسناد اور تحائف دئیے گئے۔
اس تقریب میں والدین، اْساتذہ اور چرچ کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تمام حاضرین نے ریورنڈ فادر آصف سردار کی اس کاوش کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔