سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل لاہور میں ریورنڈ فادر جیمز چنن او۔پی کی راہبانہ زندگی کی گولڈن جوبلی نہایت دھوم دھام سے منائی گئی۔
مورخہ4ستمبر 2024 کو سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل لاہور میں ریورنڈ فادر جیمز چنن کی راہبانہ زندگی کی گولڈن جوبلی نہایت دھوم دھام سے منائی گئی۔ پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت ریورنڈ فادر جیمز چنن او پی نے کی جبکہ ریورنڈ فادر پاسکل پولوس (دومنیکن جماعت کے سردارِاعلٰی) اور ریورنڈ فادر آصف سردار، وکر جنرل آف لاہور آرچ ڈایوسیس، ریور نڈ فادر یونس شہزاد اور ریورنڈ فادر اختر نوید نے معاونت فرمائی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے وعظ میں کہا کہ آج ہم خوشی اورشکر گزاری کے جذبات کے ساتھ ریورنڈ فادر جیمز چنن او پی کی راہبانہ زندگی کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہانت ایک مقدس ذمہ داری ہے۔ ہم سب بْلائے گئے ہیں کہ یسوع مسیح کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کہانت کی ذمہ داری کو مکمل ایمانداری سے نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریورنڈ فادر جیمز چنن او پی پاکستان کے وفاداربیٹے،آرچ ڈایوسیس لاہور کے فرزند،خدا کے مخلص خادم اور پاکستانی کلیسیا کے معمار ہیں۔آخر میں بشپ صاحب نے ریورنڈ فادر جیمز چنن او۔ پی کو پچاس سالوں کی کاہنانہ خدمت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریورنڈ فادر یونس شہزاد او۔پی نے پوپ فرانسس کی جانب سے یورنڈ فادر جیمز چنن او۔ پی کی گولڈن جوبلی کے موقع بھیجی گئی خصوصی برکت اور پاپائی سفیر جرمانوپینے موتے کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ جبکہ ریورنڈ فادر پاسکل پولو س نے برادر جیراڈ فرانسسکو، ماسٹر آف دومنیکن آرڈرکا پیغام پڑھ کر سنایا۔
فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریورنڈ فادر جیمس چنن کیلئے دْعا گو ہیں خدا کرے جس طرح وہ ان پچاس سالوں میں خداکے ساتھ اْس کے مومنین کے ساتھ وفادار رہے اسی طرح خدا انہیں آئندہ زندگی میں فضل دے تاکہ وہ اپنی بلاہٹ میں مضبوط رہیں اور خدا اپنے جلال کے لئے انہیں استعمال کرتا رہے۔
ریورنڈ فادر جیمس چنن نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری تربیت،میری زندگی اور کاہنانہ زندگی کے لیے میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کیونکہ اتنی میری حیثیت نہیں تھی جیتا اْس نے مجھے عطا کیا۔انہوں نے اپنے خاندان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اْن کے دل میں ایمان کا بیج بویا۔ فادر موصوف نے اْن مشنریوں کو بھی یاد کیا جنہوں نے اْن کے بپتسمہ سے لے کر کاہن بننے تک اْن راہنمائی اور تربیت کی۔فادر موصوف نے اْن تمام بین الاقوامی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بدولت وہ اپنی خدمت کو مزید موثر بنا پائے۔آخر میں اْنہوں نے اس کاہنانہ گولڈن جوبلی میں شامل بشپ صاحبان،کاہنانہ برادری، سسٹر صاحبات،خاندان اور مومنین کا شکریہ ادا کیا۔