سینٹ میریز مائنر سیمنری لاہور کے قیام کی 75 سالہ جشنِ جوبلی کا انعقاد

مورخہ 8دسمبر2025کومقدسہ مریم کے بیداغ حمل میں لئے جانے کی عید کے موقع پر سینٹ میریز مائنر سیمنری لاہور کے قیام کی 75 ویں جوبلی کے موقع پر ایک پر وقار شکرگزاری کی تقریب منعقد کی گئی۔جس میں فوقیت مآب کارڈنیل جوزف کوٹس،  فضیلت مآب آر چ بشپ بینی ماریو ٹراوس اپوسٹولک ایڈمنسٹریٹر آرچ ڈایوسیس آف لاہور،کاہنانہ برادری،سسٹرز صاحبات، طلبہ، اْساتذہ اور مذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس دن پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔پاک ماس سے پہلے 75سالہ جوبلی کی شمع روشن کی گئی۔ پاک ماس کی قیادت فوقیت مآب کارڈنیل جوزف کوٹس نے فرمائی جو کہ خود بھی اسی سیمنری کے طالب علم اور ریکٹر رہ چکے ہیں۔جبکہ فضیلت مآب آر چ بشپ بینی ماریو ٹراوس اپوسٹولک ایڈمنسٹریٹر آرچ ڈایوسیس آف لاہور اور ریورنڈ فادر نعقاش اعظم ریکٹر آف سینٹ میریز مائنر سیمنری نے معاونت فرمائی۔ 
 فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراواس نے اپنے وعظ میں سیمنری کی 75 سالہ خدمات اور چرچ میں اس کے کردار کو وضاحت سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ میری سیمینری نہ صرف طلبہ کو علمی اور تعلیمی تربیت فراہم کرتی ہے بلکہ اْن کی روحانی اور اخلاقی رہنمائی کا بھی مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ سیمنری کا مشن صرف تعلیم تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک مقدس سفر ہے جس میں ہر طالب علم کو خدمت، قربانی، ایمانداری اور ایمان کی تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے تمام سیمنرین کو یاد دلایا کہ حقیقی تعلیم وہ ہے جو انسان کو دوسروں کی خدمت کے لیے تیار کرے۔
انہوں نے سیمینری کے اْستادوں کی محنت کو بھی سراہا، جنہوں نے نہ صرف علمی بلکہ روحانی تربیت میں بھی طلبہ کی رہنمائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمینری کا ہر دن طلبہ کو خدا کے قریب لانے، ان میں قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے تیار کرنے کا موقع ہے۔آخر میں بشپ جی نے حاضرین کو یاد دلایا کہ یہ 75 سال صرف ماضی کی کامیابیوں کی نشانی نہیں بلکہ مستقبل کے لیے ایک پیغام ہے کہ چرچ کی خدمت اور روحانی تربیت کی راہیں ہمیشہ جاری رہیں گی۔ جوبلی کے دوسرے حصہ میں فوقیت مآب کارڈنیل جوزف کوٹس اور فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراواس کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔سیمنری کے طالب علموں نے سیمنری بننے کی تاریخ اور75سالہ سفر کوڈرامائی انداز میں پیش کیا۔
اس موقع پر فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس نے سینٹ میری سیمینری کے 75 ویں جوبلی کے موقع پر اپنے گہرے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینری ان کے لیے صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک روحانی گھر رہی ہے، جہاں سے انہوں نے علم، ایمان اور خدمت کا راستہ سیکھا۔  انہوں نے کہا کہ  بطور ریکٹر انہوں نے سیمینری کی ترقی اور طلبہ کی روحانی و تعلیمی بہتری کے لیے دن رات محنت کی، تاکہ ہر طالب علم چرچ اور معاشرے کے لیے ایک مضبوط اور خدمت گزار رہنما بن سکے۔آخر میں کہا کہ اس75سالہ جوبلی کے موقع پر میری دْعا ہے کہ خدا کے فضل سے سینٹ میری سیمینری آئندہ بھی چرچ کے لیے علم، ایمان اور خدمت کے مشعل کی طرح روشن رہے، اور نئے طلبہ کو اپنے اندر محبت، قربانی اور ہمدردی کے جذبات پیدا کرنے کا موقع دے۔ 
فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراواس نے کہا کہ سینٹ میری سیمینری 75 سالوں سے نوجوانوں کو صرف تعلیمی مہارت ہی نہیں بلکہ روحانی بصیرت اور اخلاقی قیادت کی تربیت بھی دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں طلبہ کو خدمت، قربانی اور ہمدردی کے اصول سکھائے جاتے ہیں، جو انہیں کلیسیا اور معاشرے میں مثبت اثر ڈالنے والے رہنما بناتے ہیں۔انہوں نے کہا دْعا ہے کہ یہ مقدس ادارہ مستقبل میں بھی علم اور ایمان کی روشنی پھیلانے کا ذریعہ رہے اور نئی نسل کو ایمان، محبت اور خدمت کے راستے پر گامزن کرے۔
اس 75سالہ جوبلی کے موقع پر فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس نے پاپائے اعظم لیو چہاردہم کی جانب سے آئی ہوئی پاپائی برکات کی رونمائی کی۔جوبلی کے حوالے سے کاتھولک نقیب کا خاص ایڈیشن شائع ہوا نیزEnglish Bookletمیں بھی سیمنری کی تاریخ اور مختلف ادوار کوتصویرئی صورت میں محفوظ کیا گیا۔اور اسے بطور سوئینر تمام شرکاء میں تقسیم کیا گیا۔
اس تاریخی دن تمام مہمانوں کویادگار شیلڈز پیش کی گئی نیز جوبلی کا کیک کاٹا گیا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail