سینٹ فرانسس زیویئر میجر سیمنری، یوحنا آباد لاہور میں 23برادران کی فلسفیانہ تعلیم مکمل۔
مورخہ 10 جون2025کو سینٹ فرانسس زیویئر میجر سیمنری، یوحنا آباد لاہور میں 23برادران کی فلسفیانہ تعلیم مکمل ہونے پر ایک پْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ریورنڈ فادر بشارت ایگزوپئیر، (او ایم آئی) جماعت کے ڈیلیگیٹ سپیریئرتھے۔اس تقریب میں کاہن صاحبان،مناد صاحبان اور سیمنری کے اراکین نے شرکت کی۔سال رواں کی گریجویشن کلاس میں 13 ڈایوسیزن، 6 کیپوچن، 3 دومنیکن اور ایک OMI جماعت کے طالب علم شامل تھے۔سبھی برادران کو ان کی علمی اور روحانی کامیابیوں کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کے آغاز پر سینٹ فرانسس زیویئر میجر سیمنری، کے ریکٹر ریورنڈ فادرطاہر عزیز نے فارمیشن ٹیم کی جانب سے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اورگریجویٹس کی زندگیوں میں اس لمحے کی اہمیت اور مستقبل کے کاہنوں کی فکری اورروحانی تیار ی کے لیے سیمنری کے مشن پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ریورنڈ فادر امجد یوسف، ڈین آف اسٹڈیزنے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ فلسفہ الہیات کے لیے لازم و ملزوم ہے۔ یہ کاہنانہ زندگی کی فکری بنیاد ہے۔مقدس پوپ جان پال II کی فلسفے کی دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے گریجویٹس کو یاد دلایا کہ ایمان اور عقل دو پروں کی مانند ہیں جن پر انسانی روح سچائی پر غور کرنے کے لیے اٹھتی ہے۔ انہوں نے فلسفیانہ مطالعہ کو ایک روحانی عروج کے طور پر بیان کیا، جو عقل کو پاک کرتا ہے اور انجیل کی خدمت کے لیے ارادے کو مضبوط کرتا ہے۔
ریورنڈ فادربشارت نے سیمنرینز کو فلسفیاتی تعلیم مکمل کرنے پر کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن آپ کی زندگی میں گہری فکری اور روحانی بنیاد کی مضبوطی کا دن ہونا چاہیے تاکہ آپ کے وسیلے سے کلیسیا ترقی کرے۔آخرمیں ریورنڈ فادربشارت نے اپنے دستِ مبارک سے طالب علموں میں اسناد تقسیم کیں۔
Daily Program
