سانحہ سرگودھا کے حوالے سے فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی پریس ریلیز

مورخہ 4جون 2024کوفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد  بشپ آف اسلام آباد راولپنڈی کی جانب سے سانحہ سرگودھا میں توہن مذہب کے الزام میں تشد د اور بربریت کا نشانہ بننے والے نذیر مسیح کی المناک موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور پریس ریلیز جاری کی۔جس میں اُنہوں نے کہا کہ ایسے افسوس ناک واقعات پاکستانی معاشرے کے اَمن کو تباہ و برباد کررہے ہیں اور ملکِ پاکستان کے لئے بدنامی کا باعث بھی بنتے ہیں۔انہوں نے آزمائش،دُکھ اور سخت اذیت کی اِس گھڑی میں حکومتِ پاکستان، عسکری قیادت، چیف منسٹر پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ اِس افسوس ناک واقع کاسختی کے ساتھ نوٹس لیں اورسانحہ سرگودھا میں ملوث تما م افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں تاکہ انصاف کا پرچم سر بلند کیا جائے۔علاوہ ازیں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی قیادت میں اسلام آباد پریس کلب کے سامنے سانحہ سرگودھا اور نذیر مسیح کی ہلاکت پر اظہار یکجہتی اور مذمت کرتے ہوئے پْرامن احتجاج کیا گیا۔اس احتجاج میں سینیٹر خلیل سندھو،بشپ سیموئیل اعزایا،فرحت البابر،منیزے جہانگیر،پاسٹرسیموئیل ٹائیٹس، اسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس کے کاہن اور سسٹرز صاحبات شامل ہوئے۔