ریورنڈ فادر فیاض رفیق(او۔ایف۔ایم کیپ) کو خداوند نے ابدی زندگی کے لئے اپنے پاس بلا لیا۔

یہ خبر نہایت افسوس کے ساتھ بتائی جاتی ہے کہ مورخہ 25 فروری2024کو ریورنڈ فادر فیاض رفیق(او۔ایف۔ایم کیپ) خداوند میں ابدی نیند سو گئے۔ریورنڈفادر فیاض 14 مارچ 1987 کو ایک کیتھولک مسیحی گھرانہ میں پیدا ہوئے۔اْن کا تعلق سینٹ جوزف پیرش لاہور کینٹ سے تھا۔
آٹھ سال کی عمر میں بطور الطار کے خادم خدمت کا آغاز کیا اور تبھی انہوں نے یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ مجھے کاہن بننا ہے اور خدا کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے 23 اگست 2004 کو کیپوچن آرڈر میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے اپنی زندگی مکمل وفاداری کے ساتھ خدا کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ 8 ستمبر 2010 کوپہلی عہد بندی جبکہ 30 دسمبر 2016 کودائمی عہد بندھی کی۔ ریورنڈ فادر فیاض 15 دسمبر 2017 کو کاہنانہ خدمت کیلئے مخصوص ہوئے۔ کاہن مقرر ہونے کے بعدفلسفے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے روم کا سفر شروع کیا اور 2022 میں پاکستان واپس آئے۔ ان کی لگن، علم اور قابلیت کی وجہ سے کیپوچن فلاسفی فارمیشن ہاؤس میں بطور ریکٹر تقرری ہوئی۔بطور ریکٹر وہ اپنی موت تک اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے رہے۔ ریورنڈ فادرفیاض کی زندگی کا سفر ان کے ایمان کے ساتھ گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ 
اْن کے جنازے کی رسومات فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے ادا کیں۔بشپ صاحب نے دورانِ وعظ ریورنڈ فادر فیاض کی تمام تر خدمات اور زندگی کیلئے خدا کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے مرحوم فادر کو خراج عقیدت پیش کیا اور غمزدہ کیپوچن برادری اور اْن کے اہل خانہ کو تسلی دی۔ بشپ صاحب نے کہا بے شک آج  دْکھ کا ماحول ہے لیکن ساتھ ہی مرحو م فادر کے ایمان اور خدمت کے لیے وقف کردہ زندگی کا جشن بھی ہے۔فادرفیاض رفیق (او۔ایف۔ایم کیپ) ایمان کا ایک سرشار خادم اور کیپوچن کمیونٹی کی ایک بے مثال شخصیت تھی۔ وہ نہ صرف ایک مذہبی رہنما تھے بلکہ ایک ہمدرد انسان بھی تھے جو اپنے عقیدے اور دوسروں کے لیے بے لوث خدمت کے اپنے اٹل عزم کے لیے جانے جاتے تھے۔اور آج ہر آنکھ کا نم ہونا نیزکثیر تعداد میں کاہن صاحبان،سسٹرزصاحبات،منادصاحبان اور مومنین کا یہاں ہونا، اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء نے آخر میں کہا کہ ریورنڈ فادرفیاض رفیق(او۔ ایف۔ ایم کیپ) نے اچھی لڑائی لڑئی اور اپنی دوڑ وفاداری سے خدا کی خدمت کرنے میں مکمل کی ہے۔فادر فیاض ایمان کے ساتھ زندگی کے چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے اور یقنناً صداقت کاتاج پائیں گے۔
کیپوچن برادری کی جانب سے بھی فادر فیاض کے اہل خانہ سے گہری تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے کہا آپ کا بیٹا ہماری کمیونٹی کا ایک قابل قدر رکن تھا۔ اپنے ایمان کے لیے ان کی لگن اور ہماری برادری میں اْن کی شراکت کو ہمیشہ شکر گزاری کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔فادر فیاض کے جانے سے ہماری کمیونٹی میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے، لیکن ان کی تعلیمات اور ہمدردانہ جذبے کا اثر ہمیشہ برقرار رہے گا۔
خدا سے دْعا ہے کہ وہ ریورنڈ فادر فیاض رفیق کی روح کو اپنے مقدسین میں جگہ دے اور اْن کے خاندان کو صبرِ ایوب عطا فرمائے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail