حیدرآباد میں سینٹ الزبتھ ہسپتال کے نئے پیلی ایٹو کیئر ڈے سنٹر کا افتتاح

 مورخہ 12 جنوری 2026 کو پاکستان میں پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے  نے اپنے دستِ مبارک سے سینٹ الزبتھ ہسپتال حیدرآباد میں نئے پیلی ایٹو کیئر ڈے سنٹر کا افتتاح کیا۔ یہ جدید سہولت ہنگری ہیلپس (Hungary Helps) کے تعاون سے فراہم کردہ فنڈز کے ذریعے تعمیر کی گئی، جس کا مقصد شدید اور طویل بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو معیاری، باوقار اور ہمدردانہ نگہداشت فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ہنگری کی وزارت ِخارجہ اور سفارت کاری کے خصوصی مشیر مارک اوریل ایرزیگی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان میں ہنگری کے سفیر زولٹن ورگا، عزت مآب بشپ سیمسن شکر دین (بشپ آف حیدرآباد)، پاکستان میں کیتھولک چرچ کے رہنما، چرچ آف پاکستان کے نمائندگان، سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر جناب نوید انتھنی اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ہنگری ہیلپس پروگرام کی انسانی ہمدردی پر مبنی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی خدمت کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پیلی ایٹو کیئر ڈے سنٹر نہ صرف مریضوں بلکہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی سہولت اور سہارا فراہم کرے گا۔
بشپ سیمسن شکر دین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سینٹ الزبتھ ہسپتال طویل عرصے سے بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کر رہا ہے اور یہ نیا مرکز مریضوں کو درد میں راحت، عزت اور امید فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ پاپائی سفیر آرچ بشپ جرمانو پینے موتے نے بھی اس منصوبے کو کلیسیا کی خدمت ِخلق کے مشن کا عملی اظہار قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے پیلی ایٹو کیئر ڈے سنٹر کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ یہ مرکز حیدرآباد اور گردونواح کے مریضوں کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد سہولت ثابت ہوگا۔
 

Daily Program

Livesteam thumbnail