اس مشکل گھڑی میں جڑانوالہ کے مسیحی بہن بھائیوں کا ساتھ دیں۔ ریورنڈ فادر پاسکل پولوس
گزشتہ دنوں پاکستان میں دومنیکن جماعت کے سردارِ اعلیٰ ریورنڈ فادر پاسکل پولوس کی قیادت میں دومنیکن فرائرز نے جڑانوالہ میں جا کرمتاثرہ مسیحی مومنین میں نقدی اور راشن تقسیم کرکے اْن کے دکھ کو بانٹا۔ ریورنڈ فادر پاسکل پولوس نے اس موقع پر کہا کہ وہ لوگ جو ایک دوسرے کے مذاہب کی عزت نہیں کرتے اور مقدس کتابوں کی بے حرمتی کرتے ہیں۔یقینا گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں۔جس طرح قرآن ِ کریم ہمارے لیے قابلِ احترام کتاب ہے اْسی طرح بائبیل مقدس بھی ہمارے مسلم بہن بھائیوں کے لئے قابلِ احترام ہونی چاہئے۔لیکن اس سانحے میں جس طرح ہمارے گرجاگھروں، بائبل مقدس،پاک صلیب اور مقدسہ مریم کے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی ہے،قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان سے کہا کہ اس سانحہ کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور اس میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایک دوسرے کے مذہب کی توہین کرنے کی جرات نہ کر سکے۔نیز فادر موصوف نے تمام مسیحیوں سے اپیل کی کہ وہ جڑانوالہ کے مسیحی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیں تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ مسیح میں ہم سب ایک ہیں۔