آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر کا دورہ ِپاکستان، ڈایوسیس آف اسلام آباد راولپنڈی میں پُرتپاک استقبال

آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر کا دورہ ِپاکستان، ڈایوسیس آف اسلام آباد راولپنڈی میں پُرتپاک استقبال
آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر کا دورہ ِپاکستان، ڈایوسیس آف اسلام آباد راولپنڈی میں پُرتپاک استقبال

مورخہ 9 اکتوبر 2026ء کو ڈایوسیس آف اسلام آباد راولپنڈی کو ہولی سی (ویٹی کن) کے سیکرٹری برائے تعلقاتِ ریاست و بین الاقوامی تنظیمیں،فضیلت مآب آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔ آرچ بشپ گالاگر 8 تا 10 اکتوبر 2026ء پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ یہ دورہ ہولی سی اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے۔ فوقیت مآب کارڈینل جوزف کوٹس اور فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد (آرچ بشپ آف اسلام آباد۔راولپنڈی ڈایوسیس)نے پاکستان کی کیتھولک بشپس کانفرنس کے تمام بشپ صاحبان کے ہمرا ہ فضیلت مآب آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر اور پاکستان میں پاپائی سفیر فضیلت مآب آرچ بشپ جرمانو پینے موتے کا استقبال کیا۔ 
 روایتی ہار اور ثقافتی پگڑی پیش کرکے مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا گیا۔ گلدستے پیش کیے گئے، جبکہ ثقافتی اور روحانی نغموں نے تقریب کو مزید پُروقار بنایا۔اس موقع پر ڈایوسیس کے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
 فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے استقبالیہ خطاب میں معزز مہمان کی آمد پر مسرت اور تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈایوسیس آف اسلام آباد راولپنڈی کے مشن اور خدمات کا تعارف پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ڈایوسیس پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اپنی مذہبی، روحانی اور سماجی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ انہوں نے عالمگیر کلیسیامیں مقدس فرانسس آف اسیسی کے انتقال کے800 سوسالہ  جوبلی اور اسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس میں منائے جانے والے بچوں کے سال کا ذکر کرتے ہوئے بچوں کی روحانی تربیت، مسیحی تعلیم اور شخصیت سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اپنے خطاب میں فضیلت مآب آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر نے پاپائے اعظم  لیو چہاردہم کی جانب سے حاضرین تک پاپائی نیک تمناؤں اور برکات پہنچائیں۔ انہوں نے مفاہمت کے فروغ، انسانی عظمت کے احترام اور مشترکہ بھلائی کے لیے مذہبی برادریوں کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ معاشرے میں پائیدار امن، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مذہبی برادریوں کو مل کر موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگرکو یادگاری شیلڈ پیش کی، جس کے بعد ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء کو باہمی ملاقات اور خیرسگالی کے جذبات کے تبادلے کا موقع بھی ملا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail
Urdu Survey Popup