نیا سال نئی خوشیوں کا پیغام


خدا نے انسان کو بڑے پیار اور محبت سے بنایا ہے۔اْس کی شخصیت میں بے شمار زندگی بخش خوبیاں، صلاحیتیں پیدا کی ہیں۔اس نئے سال میں خدا نے زندگی کا خوبصورت تحفہ اِس لئے دیا ہے کہ ہم ذمہ داری کے ساتھ اسے گزارتے ہوئے خدا کے جلال اور اپنے ساتھی انسانوں کی بہتری کے لئے استعمال کریں۔ہم اکثر ایک دوسرے کو تحفے دیتے ہیں ہم پوری کوشش کرتے ہیں کہ تحفہ بہترین ہواور اچھے طریقے سے پیش کیا جائے بہرحال ہم جو بھی تحفہ ایک دوسرے کو دیتے ہیں اس کی قیمت لگائی جا سکتی ہے لیکن زندگی ایسا انمول تحفہ ہے جو خدا نے دیا ہے زندگی کیونکہ خدا کا تحفہ ہے  اور سب سے بڑھ کر زندگی خدا کا روح ہے جو ہر انسان کے اندر جنبش کرتا ہے اس لیے اس کا کوئی مول نہیں لگایا جاسکتا۔کلام مقدس میں مرقوم ہے کہ خدا نے انسان کے نتھنوں میں زندگی کا دم پھو نکا اور انسان جیتی جان ہوا۔خدا کا انسان کو اپنی صورت پر بنانا،اِس کے نتھنوں میں زندگی کا دم پھو نکنا، انسان کے ساتھ خدا کی لازوال محبت کی عکاسی کرتا ہے۔ خدا انسان کو زندگی کی بھرپوری عطا کرتا ہے۔ زندگی کی خوبصورتی اْس وقت ماند پڑتی ہے اور زندگی اپنا حْسن اْس وقت کھو بیٹھتی ہے جب انسان خدا کی راہوں کو چھوڑ کر اپنی من پسند راہوں پر چل پڑتاہے لیکن خدا کبھی بھی نہیں چاہتا کہ وہ زندگی جو اِس نے انسان کو تحفہ کے طور پر عطا کی ہے وہ تباہ ہو جائے کیونکہ خْدا خود انسان سے محبت کرتا ہے وہ اس کی ہلاکت نہیں بلکہ نجات چاہتا ہے۔ اس لیے اس نے اپنے بیٹے کو دنیا میں بھیجا اور اس کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ نیا سال عطا کیا۔ 
 زندگی جو خدا کا تحفہ ہے اس کی عظمت و خوبصورتی خدا کے حکم پر عمل کرنے اور وفادار ی کے ساتھ محبت کا رشتہ استوار کرنے میں ہے۔اس لیے مسیحی خاندان ہوتے ہوئے یہ ہماری اولین ذمہ داری ہونی چاہیے کہ ہم اپنے نجات دہندہ کو پیار کریں اسے اپنی زندگی کا محورو مرکز بنائیں۔ ایک مسیحی زندگی اس وقت پھلدار بامعنی اور بامقصد ثابت ہوتی ہے جب وہ خدا کے حکم کے مطابق زندگی گزارتا ہے۔ جب وہ اس کی موجودگی کو اپنے دل میں محسوس کرتا اور اپنے ساتھی انسانوں سے محبت رکھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھاتا ہے۔ مقدس پولوس رسول زندگی کو خوبصورت اور بامعنی بنانے کیلئے بہت اثر انگیز بات کر تے ہیں۔ا نھوں نے محبت کو زندگی کی معراج قرار دیا ہے کیونکہ محبت زندگی کو حسن و دلکشی عطا کرتی ہے۔ آپ فرماتے ہیں محبت صابر ہے اور ملائم۔ محبت حسد نہیں کرتی۔محبت شیحی نہیں مارتی اور پھو لتی نہیں۔ نازیبا کام نہیں کرتی۔ خْود غرض نہیں ہوتی۔ غصہ ور نہیں ہوتی۔ بدگمانی نہیں کرتی۔ نا راستی سے خوش نہیں ہوتی بلکہ راستی سے خوش ہوتی ہے۔ سب کچھ ڈھانپ دیتی ہے۔ سب کچھ باور کرتی ہے۔ سب باتوں کی اْمید کرتی ہے سب کی برداشت کرتی ہے۔ محبت کبھی جاتی نہیں رہتی۔ یہ سال ہمارے لئے خوشیوں کا پیغام لایاہے سب سے بڑی خوشی یہی ہے کہ اس خوشی کا دوسروں کے ساتھ اظہار کیا جائے۔کیونکہ زندگی تب بہتر ہوتی ہے جب ہم خوش ہوتے ہیں لیکن بہترین ہوتی ہے جب دوسرے ہماری وجہ سے خوش ہوں۔ زندگی کے اِس نئے سال میں ہمیں ہر وقت خدا کا شکر گزار رہنا چاہیے۔اِس کی قدر کرنی ہے اور چھوٹی چھوٹی کامیابی کے لیے خدا کا شکریہ ادا کرنا ہے۔ اپنی کامیابیوں کو سلیبریٹ کریں کیو نکہ خوش رہنا زندگی کو شادمانی اور خوشیاں عطا کرتا ہے۔ اپنے خاندانوں میں مسیحی ماحول پیدا کریں اور مسیحی ماحول پیدا کرتے ہوئے اپنی زندگی سے مسیح کے نام کو جلال دینے کے لیے کام کریں اور ہمیشہ خدا کے شکر گزارر ہیں۔ اپنی زندگی کو خوشی و شادمانی کے جذبات کے ساتھ عالمگیر کلیسیا اور نسلِ انسانی کی بہتری کے لیے وقف کریں۔خدا پر ایمان رکھیں اور نئے سال کی خوشیوں کو دوسروں میں بانٹتے ہوئے اپنی  زندگی گزاریں۔خدا کرے یہ نیا سال ہم سبھی کے لئے ڈھیروں برکات اور بہت سی کامیابیاں سمیٹنے والا سال ہواور ہمارے ملک وقوم بلکہ پوری دنیا کے لئے امن و سلامتی کا سال ٹھہرے۔آمین۔
   آپ سبھی کو نیا سال مبارک ہو!

 

Daily Program

Livesteam thumbnail