خاندانوں کی عظیم ماں

مریم سے گفتگو ہو گئی تو ہر بات میں لکھے جاؤ گے
الیصبات کی طرح مُلاقات میں لکھے جاؤ گے
مریم کے ہاتھوں میں آؤ،خدا کے ہاتھ میں لکھے جاؤ گے
مریم کے پاس ٹھہرو!صلیبی کلمات میں لکھے جاؤ گے
اے مریم کو سلام کرنے والوں،کتابِ حیات میں لکھے جاؤ گے۔
جبرائیل فرشتہ بہت سی ہستیوں کے پاس خدا کا پیغام لے کر گیا لیکن اِن تمام ہستیوں میں جبرائیل فرشتہ صرف مقدسہ مریم کو ہی سلام پیش کرتا ہے۔ مقدسہ مریم کو سلام پیش کرنے سے ہم اُس کے رتبے میں کو ئی اضافہ نہیں کرتے لیکن اُسے سلام کرنے سے ہمارا رتبہ ضرور بلند ہوتا ہے۔جس طرح ابراہیم اپنا اکلوتا بیٹا اسحاق خُدا کے لئے قربان کرنے کے لئے تیار ہو جاتا ہے بالکل اِسی طرح خُدا بھی دُنیا کے لئے اپنا اکلوتا بیٹا قربان کر دیتا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ ابراہیم نے اپنی فرمانبرداری سے خُدا کا رحم پایا اور خُدا نے اُسے قربان کرنے سے منع کیا۔ جبکہ خُدا اور مقدسہ مریم نے دُنیا کی نجات کے لئے اپنے بیٹے کا بھی دریغ نہ کیا بلکہ اُسے ہمارے لئے قربان کردیا۔ تاکہ ہم ہمیشہ کی زندگی پائیں۔ ہمیں ہمیشہ کی زندگی دینے کے لئے نہ صرف خُدا خود بلکہ وہ اپنی بندی مقدسہ مریم کے وسیلہ سے محبت کا عظیم فصح قربان کرتا ہے۔ مقدس تھامس فرماتے ہیں کہ یسوع کا جسم مقدسہ مریم کے جسم کا ہی مرہون ِ منت ہے اور یسوع کا خون مقدسہ مریم کے خون سے ہی پیدا ہوا ہے اس لئے مقدسہ مریم کو یسوع سے جدا کر ناکبھی بھی ممکن نہیں ہے۔ مقدسہ مریم کی محبت یسوع اور یسوع کی محبت مقدسہ مریم کے وسیلہ سے خُداکی محبت میں پنہاں ہے۔ ضروری ہے کہ ہم مقدسہ مریم کی تعظیم کریں اورمقدسہ مریم سے محبت رکھیں۔ 
مقدسہ مریم نغمہِ محبت ہے جسے 1995میں پوپ جان پال دوم نے ملکہِ خاندان کا خطاب دیاجو تمام محبت کرنے، بانٹے اور نچھاور کرنے والے خاندانوں کی عظیم ماں ہے۔
بائبل مقدس میں ہمیں بے شمار ایسے خاندان ملتے ہیں، جنہوں نے خْدا پر مکمل بھروسہ رکھا اور راست بازی سے زندگی بسرکی۔ ان میں پاک خاندان مقدسہ مریم اور یوسف یعنی ناصرت کا خاندان بھی شامل ہے جو تمام خاندانوں کے لئے عمدہ مثال ہے۔
گھر میں ماں بچے کی پہلی درس گاہ ہوتی ہے۔ مقدسہ مریم نے پہلی درس گاہ ہوتے ہوئے یسوع کی چار مختلف پہلوؤں سے پرورش کی۔ 
1۔یسوع قدو قامت میں بڑھا (جسمانی نشوونما)
 2 – یْسوع حکمت میں بڑھا (ذہنی نشوونما)
 3- یْسوع خْدا کی مقبولیت میں بڑھا (روحانی نشوونما) 
 4- یْسوع آدمیوں کی مقبولیت میں بڑھا (سماجی نشوونما)
 یہ ولی یوسف اور مقدسہ مریم کی بہترین تربیت کا نتیجہ تھا کہ یْسوع جوان ہوکر بہترین انسان بنا اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہوکر ہم سب کی خاطر قربان ہوگیا۔خُداوند یسوع مسیح کے بعد اگر کوئی محبت کی ترجمانی کرنے والا ہے تو مقدسہ مریم  ہی ہے۔ کہتے ہیں کہ محبت کی تقسیم ممکن ہی نہیں لیکن مقدسہ مریم نے اپنا لختِ جگر خُدا کی محبت میں گناہگاروں کی نجات کیلئے بانٹ دیا۔ جس طرح یسوع کی محبت تقسیم نہیں ہوتی بالکل اِسی طرح مقدسہ مریم کی محبت بھی کبھی تقسیم نہیں ہوتی۔ کیونکہ وہ سب کو یکساں پیار کرتی ہے۔ 
 براوننگ کہتا ہے کہ”جو محبت کرتا ہے وہ ناممکنات کو تسلیم کرتا ہے“۔ مقدسہ مریم نے خُدا اور انسانوں کی محبت کو نبھانے کے لئے تمام تر ناممکنات کو تسلیم کیا۔ جیسا کہ مقدس لوقا کی انجیل میں بیان ہے کہ ”دیکھ تو حاملہ ہو گی۔اور تیرے بیٹا ہوگا اور تو اُس کا نام یسوع رکھے گی۔ وہ بزرگ ہو گا اور حق تعالیٰ کا بیٹا کہلائے گا“۔مقدسہ مریم اِس ناممکن بھید کو ایمان اور اقرار کے ساتھ قبول کرتی ہے۔
٭مقدسہ مریم کی محبت بیدار محبت ہے  ”جو ڈر جاتی ہے، جو سوچتی ہے،سوال کرتی ہے کہ یہ کس طرح ہوگا“ (لوقا 38-26:1)
٭مقدسہ مریم کی محبت ہاں، قبولیت اور اقرار کی محبت ہے۔ میرے لئے تیرے قول کے۔۔ ”فرشتے کا پیغام“  (لوقا 38:1)
٭مقدسہ مریم کی محبت خوشی بانٹنے کی محبت ہے  ”الیصابات سے ملاقات“  (لوقا 42-39:1)
٭مقدسہ مریم کی محبت دلیر اور جرت والی محبت ہے  ”نام لکھوانے کے لئے بیت الحم کو گئے“  (لوقا 7-1:2)
٭مقدسہ مریم کی محبت دھیان و گیان اور غور و فکر کرنے والی محبت ہے  ”خُدا کی باتوں کو حفظ کر کے اُن پر اپنے دل میں غور کرتی“  (لوقا 19:2)
٭مقدسہ مریم کی محبت تمام زمانوں کی محبت ہے ”ہر زمانے کے لوگ مجھ کو مبارک کہیں گے“  (لوقا 48:1)
٭مقدسہ مریم کی محبت فکر کرنے والی محبت ہے  ”یسوع کا ہیکل میں کھو جانا“  (لوقا 51-48:2)
٭مقدسہ مریم کی محبت فکر اور سفارش کرنے والی محبت ہے   ”قانائے جلیل کی شادی کا معجزہ“  (یوحنا12-1:2)
٭۔مقدسہ مریم کے دل کی محبت وفادار محبت ہے  ”صلیبی مقامات میں ساتھ رہنا“  (یوحنا 27-25:19)۔
٭۔مقدسہ مریم کی محبت اپنے آپ کو خالی کرنے اور اپنی نفی کرنے کی محبت ہے۔ ”جیسا تونے کہا ویسا ہی میرے لئے ہو“  ”فرشتے کا پیغام“  (لوقا 38:1)۔
مقدسہ مریم نے خُدا کی محبت کی تکمیل کے لئے اپنی ذات کی نفی کی تاکہ خُدا کی لازوال محبت تکمیل پائے۔ دراصل محبت کا معیار تو اپنی ذات کی نفی کرنا، اپنی ہستی، اپنی خواہشات اور اپنی آرزووں کی نفی کرنا ہے۔ جس کا منہ بولتا ثبوت مقدسہ مریم کی انمول محبت ہے۔ محبت ایک لاثانی اور آفاقی جذبے کا نام ہے۔ محبت آسمان سے اترے ہوئے صحیفوں کی مانند مقدس، پاکیزہ اور معتبر ہے۔ محبت جیسے معتبر جذبے میں شک نہیں ہو سکتا۔ لیکن بہت سارے لوگ مقدسہ مریم سے محبت نہ ہونے باعث یسوع کی محبت سے محروم ہیں۔ اور مقدسہ مریم کے کلیسیا کی ماں ہونے، تعظیم کرنے، دُعا کرنے، سفارشات طلب کرنے جیسے مختلف ابہام پر مبنی شکوک ظاہر کرتے ہیں۔اِسے لوگوں کے لئے مقدس میکسی ملیم کولب فرماتے ہیں کہ ”آپ مقدسہ مریم کو پیار کرنے سے کبھی نہ گھبرائیں کیونکہ مقدسہ مریم سے زیادہ آپ کبھی بھی یسوع کو پیار نہیں کر سکتے“۔آپ شک کی بجائے مریم سے محبت رکھیں اِسی میں آپ کی یسوع سے محبت مضبوط ہوگی۔لہٰذا مقدسہ مریم پر شک یا سوال کرنے کی بجائے ایمان رکھیں۔ کیونکہ شک ایمان کے کمزور ہونے کی دلیل ہے اور جن کے ایمان کمزور ہوتے ہیں وہ حقیقی زندگی سے دور رہتے ہیں۔ اور پھر جن دلوں میں شک کے بیج گر جائیں وہاں نفرتوں کی خاردار جھاڑیاں اُگ جاتی ہیں اور اور وہاں ایمان اور یقین کے پھول کبھی نہیں کھلتے۔
اِس لئے آئیں مقدسہ مریم اور خُدا وند یسوع کو یکساں پیار کریں کیونکہ اگر
٭۔یسوع شہزادہ ہے اور مقدسہ مریم ملکہ ہے۔
٭۔یسوع آسمانی زندہ روٹی ہے اور مقدسہ مریم آسمانوں کی رانی ہے۔
٭۔یسوع معجزات کا وسیلہ ہے اور مقدسہ مریم ہماری وکیلہ ہے۔
٭۔یسوع مسیح آسمانی ہے اور مقدسہ مریم روحانی ہے۔
٭۔یسوع خدا ہے اور مقدسہ مریم خدا کی ماں ہے۔
٭۔یسوع صلیب کے اوپر ہے اور مقدسہ مریم صلیب کے نیچے ہے۔
ویٹی کن مجلس دوم کی کلیسیائی تعلیم کی دستاویز بنام ”قوموں کا نور“ کی آخر ی بات مقدسہ مریم کی تعظیم اور عقیدت پر مشتمل ہے اِس میں یوں مرقوم ہے کہ خُدا کے فضل کی بدولت مقدسہ مریم اپنے بیٹے کے بعد تمام فرشتوں اور انسانوں میں اعلیٰ مقام رکھتی ہے۔
مقدسہ مریم نے خاندانی زندگی میں مشکلات کے باوجود بھی مقدس یوسف اور بچہ یسوع کا ساتھ نہیں چھوڑا بلکہ بڑی جانفشانی اور دلیری سے خاندانی زندگی میں ولّی یوسف کے ساتھ بھر پور تعاون کیا۔ کیونکہ جب خدا اپنے فرشتے کے ذریعے خواب میں مقدس یوسف سے مخاطب ہوتا ہے اور جب وہ ساری باتیں مقدسہ مریم کو بتاتا ہے تو وہ فوراً مان لیتی ہے۔ اس لئے ہمیں بھی اپنے خاندانوں میں اتحاد اور امن کے لئے مقدسہ مریم کو رول ماڈل بنانا چاہیے اور اْسی سے مدد مانگی چاہئے تاکہ خاندان امن کا گہوارہ بنیں۔
 یاد رکھیں کہ ہر ایک نام میں طاقت نہیں ہوتی۔ جس طرح ہم جانتے ہیں کہ بہت سارے کاموں میں ہم کہتے ہیں کہ جاؤ میرا نام لو۔ تو وہ تمہارا کام کر دے گا۔ آئیے ہم بھی اپنی زندگی میں مقدسہ مریم کا نام لے کر خدا سے مانگیں تاکہ ماں کی سفارشوں کی بدولت ہم خدا سے برکات حاصل کریں۔   

 

Daily Program

Livesteam thumbnail