بیداغ مقدسہ مریم ہماری ڈھال


یہ دکھاوے کا دور ہے میڈیا نے ہماری روزمرہ زندگی کے رجحانات بدل دیئے ہیں۔ اشتہارات لاکھوں ڈالرز کا کاروبار ہیں۔ ہر رسالے میگزین، اخبارات، اور ٹی وی اسکرین پر خوبصورت خواتین کا جھرمٹ نظر آتا ہے۔ انٹرنیٹ تو خیر ٹیلی ویژن کو بہت پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ جسمانی خوبصورتی ایک نمائش بن چکی ہے۔ مقابلہِ حْسن کا لوگوں کو انتظار رہتا ہے،مس ورلڈ پیدا نہیں ہوتی بلکہ وہ لوگ بناتے ہیں جو خوبصورتی کو کاروباری مقاصد اور تشہیر کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ جب بھی مِس ورلڈ کا مقابلہ ہوتاہے تو لاکھوں کروڑوں روپے عورتوں کی زیبائش و آرائش پر خرچ ہوجاتے ہیں اور یہ ایک جنونی کیفیت اختیار کر گیا ہے۔ عورتیں حْسن اور خوبصورتی کے معاملے میں زیادہ محتاط ہو چکی ہیں۔ ہر بندہ حْسن کے بارے اپنی اپنی تفسیر بیان کرتا ہے۔ کیا خوبصورتی صرف نظر کے تیکھے پن، ناک کی لمبائی، اور چہرے کے خدو خال تک محدود ہے؟ دراصل خوبصورتی و جمالیات کا تعلق صرف اس سے نہیں کہ آپ کیسے دکھائی دیتے ہیں بلکہ یہ شخصی پختگی اور کردار کا نام ہے۔ ماضی قریب میں خوبصورتی کی ایسی مثال مدر ٹریضہ آف کلکتہ ہیں۔ مدر ٹریضہ نے کسی مقابلہ ِحْسن میں حصہ نہیں لیکن کوئی شخص بھی اُنہیں خوبصورت کہنے سے ہچکچاتا نہیں۔
بلا شک و شبہ کائنات میں سب سے خوبصورت مخلوق، فضائل سے بھرپور یسوع کی اور ہماری ماں مقدسہ مریم تھی اور آج بھی ہر لمحہ ہمارے ساتھ موجود ہے۔ مقدسہ مریم کی ذات صرف مجسماتی خوبصورتی تک محدود نہیں یاکسی کراماتی مجسمہ تک ہی نہیں،جس کے وسیلے سے ہزاروں لوگوں نے نجات پائی ہو بلکہ مقدسہ مریم کی تعریف میں سب سے بڑے اعزازی الفاظ اُس عورت کی زبان سے نکلے جس نے یسوع سے چلا کر کہا، ”مبارک ہے وہ رحم جس میں تو متحمل تھا اور وہ چھاتیاں بھی جو تونے چوسیں“ (لوقا(27:11۔
مقدسہ مریم کی خوبصورتی اُس کے جسمانی خدوخال کی مرہونِ منت نہ تھی بلکہ اُسکی بے عیب زندگی تھی۔
اکثر لوگ بے عیب سے خیال کرتے ہیں کہ اُس نے کچھ غلط نہ کیا۔ مقدسہ مریم کے لئے یہ بات اسطرح سمجھی جاسکتی ہے کہ وہ بے عیب ٹھہری کیونکہ اُس نے جو کچھ بھی کیا خدا کی مرضی کے مطابق تھا اور اُسکی زندگی کامقصد خدا کی مرضی بجا لانا تھا اور یہی اُسے بے عیب ٹھہراتا ہے۔ مقدسہ مریم ایک خوبصورت شخصیت ہے جس کی زمینی زندگی میں گناہ اُسے چھو نہ سکا۔خْدا نے اْسے بطنِ مادر سے ہی بے عیب اور بے داغ رکھا۔خداوند یسوع مسیح میں ہم سب خدا کے پیارے بیٹے اور بیٹیاں بننے کے لئے چنے گئے ہیں تاکہ اُس کی نظر میں پاک اور بے داغ ہوں۔ پاک کلام میں یوں مرقوم ہے، ”اُس نے ہم کو بنائے عالم سے پیشتر اُس میں چناتاکہ اُس کی نگاہ میں محبت میں پاک اور بے عیب ہوں“۔(افسیوں 4:1) خدا کا کوئی کام بلا وجہ یا بے وجہ نہیں ہوتا ہے۔ مقدسہ مریم کا بے داغ حمل میں لیا جانا بھی اِسی ہی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا خدا نے عہد کیا کہ ”متبرک اور بے داغ“ ٹھہرے اور اُسکی تکمیل کے لئے اس نے مقدسہ مریم کو خاص انداز میں صندوقِ شہادت بنایا تاکہ اُس کے بیٹے کو جنم دے۔ کلیسیا، مادرِ مومنین ایمان رکھتے ہیں کہ مقدسہ مریم اپنی ماں کے بطن میں پڑتے وقت ہی پاک و راستباز اور گناہ سے پاک ٹھہرائی گئی۔ خدا کا فضل اُس پر اِس قدر بھر پوری سے تھا کہ وہ بے داغ حمل میں لی گئی اور موروثی گناہ سے پاک رہی۔یہ ایک عقیدہ ہے جس کا اعلان پاپائے اعظم پائس نہم نے آٹھ دسمبر1854 کو کیا۔
خدا مقدسہ مریم کے دل کو جانتا تھا، وہ اُسکی کی وفاداری کو جانتا تھا اسلئے اُس نے اُس پر اپنے فضائل کی بارش کی تاکہ وہ اپنی پیدائش سے پہلے ہی پاک ٹھہرے اور خداوند یسوع مسیح کو جنم دینے کے لائق رہے مقدسہ مریم کا بے داغ حمل میں لیا جانا خدا کے منصوبہ کا حصہ تھا تاکہ وہ لوگوں کو کامل بناسکے۔ ہمیں اِس فضل کے لئے ہمیشہ خدا کا شکر ادا کرنا چاہئے جو اُس نے ہمیں مقدسہ مریم کے وسیلے سے بخشا ہے۔
  ہمیں مقدسہ مریم کی طرح دعائیہ زندگی اختیار کرنی چاہیے کیونکہ وہ تمام زندگی خدا کے کلام پر اپنے دِل میں غور کرتی رہی جو حلیمی، فروتنی، عبادت اور ریاضت کرنے کی مسلسل کوشش ہے۔مقدسہ مریم جو انسانیت کا عروج اور زمینی زندگی میں خدا سے وفاداری کا نمونہ ہے ہمیشہ ہمارے لئے بھی دْعا گو ہے کہ ہم خدا سے رفاقت اور اُلفت رکھیں۔ اس بات کا ثبوت مقدسہ مریم کے ظہور سے ملتا ہے۔ جہاں بھی مقدسہ مریم کا ظہور ہواہے وہ ہر بار انسانوں کو روحانی کامیابی پانے کی ترغیب دیتی رہی ہے۔ ہم سب کو خدا کا شکر گزار ہونا چاہیئے کہ اُس نے مقدسہ مریم کو ماں کا درجہ بخشاکیونکہ وہ نہ صرف یسوع کی بلکہ ہم سب کی بھی ماں ہے۔ بطور مسیحی ہمارایہ ایمان ہونا چاہئے کہ کوئی مسیحی اگر مقدسہ مریم کے لئے خاص لگاؤ رکھے گا تو وہ روحانی و جسمانی زندگی میں ترقی کرے گا اورکبھی گمراہ نہیں ہوگا۔
آئیں! آج اس عید کے موقع پر بیداغ مریم سے سفارش کریں کہ وہ ہمارے زندگی کے ہرسفر میں ہماری ڈھال بنی رہے۔اے بیداغ ماں! ہمارے واسطے دعا کر۔آمین

Daily Program

Livesteam thumbnail