بہادر عورت۔۔۔جو تنہائی میں تھک جاتی ہے!
عورت ایک ایسا انسان ہے جو انسانوں کو جنم دیتی ہے۔ عورت ایک ایسی مخلوق ہے جو سارے گھر کا بوجھ اْٹھا کہ خوشی خوشی چلتی ہے۔عورت کتنی مضبوط ہے کوئی چاہ کر بھی نہیں جان سکتا۔ جو خود تکلیف سہہ کر ہمیں دنیا میں لائی وہ ماں کے روپ میں عورت ہی تو ہے۔ جو تمہاری بات مانے،تمہارے ترقی کیلئے دْعائیں مانگے وہ بہن کے روپ عورت ہی ہوتی ہے۔ جو تمہاری نسل بڑھائے،اولاد کو پالے،گھر کو سنوارے، وہ بیوی کے روپ میں عورت ہی ہے۔عورت بہت سی خوبیوں کی مالک ہوتی ہے اور سب سے بڑی خوبی یہ کہ وہ بہادر ہوتی ہے۔ایک ایسی بہادرجو تنہائی میں تھک جاتی ہے!کیونکہ ہم اپنی زندگی میں اس قدر کھو جاتے ہیں کہ اْس کی طرف دھیان ہی نہیں جاتا۔ہمیں لگتا ہے کہ یہ تو بہادر ہے، سمجھدار ہے، اسے کسی سہارے کی ضرورت نہیں!اور کیونکہ وہ بہادر ہے، اس لیے کوئی اْس کی پرواہ نہیں کرتا،نہ کوئی اْس کے لیے کھڑا ہوتا ہے،بلکہ وہ ہمیشہ اپنی ساری مشکلات کا تنہا سامنا کرتی ہے۔
کیونکہ وہ مضبوط، خودمختار، اور سو مردوں کے برابر سمجھی جاتی ہے!اور پھر وہ بہادر عورت زندگی کی لڑائیاں اور گھر کی ذمہ داریاں اکیلے نبھاتے نبھاتے تھک جاتی ہے۔ذہنی، جسمانی، اور مالی طور پر کمزور ہو جاتی ہے کیونکہ سب اسی کی طاقت پر تکیہ کیے بیٹھے رہتے ہیں،یہ سوچے بغیر کہ وہ بھی ایک انسان ہے، اسے بھی محبت، تحفظ اور حوصلہ افزائی چاہیے۔وقت کے ساتھ، وہ اپنی اسی طاقت کو بوجھ سمجھنے لگتی ہے،وہی طاقت جو سب کے لیے سہولت تھی، مگر اس کے لیے تنہائی بن گئی۔
اس سال خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے گھر کی اْسی بہادر اور ذمہ دار عورت کو خراج ِ تحسین پیش کریں اور اْس کا خیال رکھیں اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔
Daily Program
