اے ملکہِ دوجہاں۔۔۔ہمارے واسطے دْعا کر!
ہم کیتھولک مسیحیوں کے نزدیک مقدسہ ماں مریم کی عقیدت اور تعظیم بے حد واجب ہے۔کیونکہ وہ ہمارے نجات دہندہ کی ماں ہے۔کلیسیا مقدسہ ماں سے اپنی عقیدت کا اظہار مختلف طریقوں سے کرتی ہے۔مثال کے طور پرماں مریم کی تاجپوشی کر کے،ڈوپٹے پہنا کر، موم بتیاں جلا کر اور عیدیں منا کر۔پاک ماں کیتھولک کلیسیا بھی ہمیں مقدسہ ماں مریم سے گہری وابستگی کا نمونہ دیتی ہے۔ہم اکتوبر کے بابرکت مہینہ میں روزری کی عبادت کرتے ہیں نیز کلیسیا بھی ہماری رہنمائی کرتی ہے کہ ہم روزری کے وِردسے خْداوند یسوع مسیح کی زندگی کو اْس کی ماں کی نظر سے دیکھیں اور اْس سے ہمیشہ اپنی محبت کا اظہار کریں کیونکہ وہ ماں اپنے بچوں کی التجاؤں کو سْنتی ہے۔تاریخ ِ دْنیا کی ابتدا ہی سے ریاست کا نظام چلانے کیلئے بادشاہ ہوتے تھے۔بادشاہ کے ساتھ ساتھ ملکہ کا کردار بھی بے حد اہم تھا۔بائیبل مقدس کی تاریخ اِس بات کی شہادت دیتی ہے۔پرانے عہد نامے کے مطابق شاہی خاندان میں بادشاہ کی بہت سی بیویاں ہوتی تھیں مگرسب سے باعزت اور اہم خاتون بادشاہ کی ماں ہی ہوتی تھی اورملکہ ہونے کا حق بھی ماں کو ہی ہوتا تھا۔وہ اکثربادشاہ کے دربار میں اْس کے دہنی طرف بیٹھا کرتی تھی۔”اور بتشایع سیلمان بادشاہ کے پاس گئی۔تاکہ اِدونی یاہ کے بارے میں اْس سے بات کرے۔تو بادشاہ اْس کے استقبال کواْٹھا۔اوراْسے سجدہ کیا۔تب وہ اپنے تخت پر بیٹھا۔اور بادشاہ کی ماں کے واسطے تخت لگایا گیا۔اس لئے وہ اْس کے دہنی طرف بیٹھی“(1ملوک19:2)۔عہد عتیق میں ملکہ شفاعت کرنے میں اہم کردار ادا کرتی تھی”اور بولی کہ میں تجھ سے ایک چھوٹی سی درخواست کرتی ہوں۔مجھ سے انکار نہ کر۔بادشاہ نے اْس سے کہااے میری ماں۔بات کر۔کیونکہ میں تجھے انکار نہ کروں گا“۔(1ملوک20:2)
نئے عہد نامے میں مقدسہ مریم ہی ملکہِ دو جہاں ہے۔وہ نئے عہد کی ملکہ ہے۔وہ بْرج داؤد ہے۔وہ نئے عہد کا صندوق ہے۔
خدا نے مقدسہ مریم کو اپنے بیٹے کی ماں ہونے کیلئے چْنا۔خدا نے اپنے فرشتے کو مقدسہ مریم کے پاس بھیجاجس نے مقدسہ مریم سے کہا”اور دیکھ تْو حاملہ ہو گی۔اور تیرے بیٹا ہوگا۔اور تْو اْس کا نام یسوع رکھے گی۔وہ بڑ ا ہوگااور حق تعالیٰ کا بیٹاکہلائے گا۔اور خداوند خدا اْسکے باپ داؤد کا تخت اْسے دے گا“۔(لوقا32-31:1)یہ وہی عہد پورا ہوتا ہے کہ داؤدکی بادشاہت کا کبھی آخر نہیں ہوگا۔خداوند یسوع مسیح بادشاہوں کا بادشاہ ہے اس لئے مقدسہ مریم ملکہ ہے۔وہ ملکہِ دو جہاں ہے۔دنیامیں ایک وہی ہستی ہے جس کے پاؤں تلے چانداور سر پر بارہ ستاروں کا تاج ہے۔جو سورج کو اْوڑھے ہوئے ہے۔وہی آسمان اور زمین کی ملکہ ہے۔یہ فضل صرف اور صرف اْسی کو حاصل ہواہے کہ وہ بادشاہوں کے بادشاہ کی ماں بنے۔
مقدسہ مریم ہماری ماں ہے وہ ہر وقت ہماری فکر کرتی ہے اور اْسی کی سفارشوں کی بدولت ہم خدا سے برکات پاتے ہیں۔جب ہم پاک روزری پڑھتے ہوئے ماں سے التجا کرتے ہیں تو وہ اپنے بیٹے سے ہماری سفارش کرتی ہے جس طرح اْس نے قانائے جلیل کی شادی میں اپنے بیٹے سے سفارش کی اور اْن کی پریشانی دْور ہوئی۔کیونکہ یسوع کبھی اپنی ماں کو انکار نہیں کرتا۔
آئیں اس پْر فضل مہینہ میں روزری پڑھتے ہوئے مقدسہ ماں سے سفارش طلب کریں تاکہ ہمارے خاندانوں اور معاشرے میں امن،صلح و سلامتی اور خوشحالی آئے۔ہماری مشکلات آسان ہوں۔خدا کرے پاک روزری ہمیں فضل بخشے تاکہ ہم ملکہِ دو جہاں کی عزت و تعظیم کرتے رہیں۔
Daily Program
