گناہوں کی فہرست


 روزوں کے با برکت ایام ہمارے لیے توبہ، تبدیلی اور روحانی تجدید کا مقدس وقت ہے۔ یہ وہ موسم ہے جب کلیسیا ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم اپنے دلوں کے اندر جھانکیں، اپنے زخموں کو پہچانیں اور خدا کی رحمت کے سامنے خود کو مکمل طور پر پیش کریں۔گناہوں کو لکھ لینا کوئی رسمی عمل نہیں بلکہ ایک روحانی حقیقت کا اعتراف ہے۔ یہ خود سے سچ بولنے کا عمل ہے۔ بہت سے گناہ، خاص طور پر کبیرہ گناہ، وقت کے ساتھ ختم نہیں ہوتے۔ اگر وہ اعتراف میں پیش نہ کیے جائیں تو دشمن انہی پر ہماری کمزوریوں کی بنیاد رکھتا ہے، چاہے وہ بچپن کے ہوں یا تیس سال پرانے۔
اسی لیے کلیسیا ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم مکمل محاسبہ نفس کریں اور اس میں مقدسہ مریم مادرِ غمناک سے مدد مانگیں۔ وہ جس نے صلیب کے نیچے اپنے بیٹے کو قربان ہوتے دیکھا، ہر گنہگار کے لیے درد رکھنے والی ماں ہیں۔ وہ ہمیں سزا نہیں دیتیں، بلکہ آزادی کی طرف لے جاتی ہیں۔
پال اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میں ایک دن اعترافِ گناہ کے لیے گیا، ہاتھ میں ایک لمبی رسید تھی۔ کاہن صاحب، جو کبھی میرے ادارے میں میرے باس رہ چکے تھے، مسکرا کر بولے:کیا یہ اخراجات کی رسید ہے؟
میں نے جواب دیا:نہیں، فادرجی، یہ میرے گناہوں کی فہرست ہے۔
وہ مسکرائے اور بڑی شفقت سے اعتراف سننے لگے۔ میں نے ایک ایک کر کے اپنے گناہ بیان کیے  پرانے بھی، نئے بھی، یاد آئے ہوئے بھی اور وہ بھی جو برسوں سے دل میں دبے تھے۔ کلیسیا کی تعلیم کے مطابق، میں نے تعداد اور تکرار بھی بیان کی۔جب مجھے گناہوں کی معافی ملی، تو میں ایک خاموش جگہ پر گیا۔ اس کاغذ کو ہاتھ میں لیا اور آگ لگا دی۔جلتے ہوئے کاغذ کے ساتھ میں نے دْعا کی:
اے خداوند یسوع، اپنے بیش قیمت خون اور مقدسہ مریم مادرِ غمناک کی شفاعت سے، میرے ان تمام گناہوں کو اپنی صلیبی موت کے وسیلے معاف کر دے نیزمجھے فضل عطا فرما کہ میں دوبارہ ان گناہوں میں نہ پڑوں۔ آمین۔
جب راکھ ہوا میں اْڑی، تو میرے دل میں عجیب سی ہلکی پن کی کیفیت آئی۔ مجھے یقین تھا کہ خدا نے مجھے معاف کر دیا ہے۔مجھے یوں محسوس ہواکہ شیطان کی گرفت ٹوٹ چکی ہے اور میرا گناہوں بھراماضی خدا کی رحمت سے اب ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکا ہے۔
کیتھولک کلیسیا ہمیں سکھاتی ہے کہ کبیرہ گناہ تین چیزوں سے بنتا ہے:سنگین معاملہ، مکمل علم اور جان بوجھ کر کیا گیا عمل۔ایسے گناہ وقت کے ساتھ خود بخود ختم نہیں ہوتے۔ انہیں اعتراف میں پیش کرنا ضروری ہے۔گناہوں کو تعداد اور تکرار کے ساتھ بیان کرنا وسوسہ نہیں، بلکہ عاجزی ہے۔ یہ سچائی کا اظہار ہے۔ یہ اپنے ماضی کو مسیح کے حوالے کرنے کا راستہ ہے۔ مقدسہ مریم مادرِ غمناک سے سفارش کریں۔اْس سے کہیں کہ وہ آپ کے ساتھ آپکے سفر میں چلیں۔اپنے گناہ کاغذ پر یا رسید پر لکھی جو بھی میسر ہو۔ وہ جگہیں بھی یاد کریں جہاں گناہ چھپے رہ گئے تھے۔ عاجزی سے سچائی کے ساتھ اعتراف کریں۔معافی کے بعد کاغذ جلا دیں۔یہ ایک علامتی قربانی ہے کہ آپ نے سب کچھ خدا کے حوالے کر دیا۔باقاعدہ اعتراف کو زندگی کا حصہ بنائیں۔ایامِ روزہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ہم خاک ہیں مگر خدا کی رحمت میں دوبارہ زندہ ہو سکتے ہیں۔ جب ہم سچے دل سے اعتراف کرتے ہیں تو آسمان خوشی مناتا ہے۔ 
یاد رکھیں کہ مقدسہ مریم ہمارے ساتھ ہے ایک جج کے طور پر نہیں، بلکہ ماں بن کر،اورصرف یہی نہیں صلیب سے یسوع مسیح آپ کی طرف دیکھ کر کہتا ہے کہ میں نے تجھے معاف کیا۔ اب جا اور پھر گناہ نہ کرنا۔یہی روزوں کا پیغام اور یہی نجات کا راستہ ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail